افراد کو خواندہ بنائے بغیر پرامن معاشرے کا قیام ممکن نہیں۔ ڈی جی لٹریسی
لٹریسی ڈیپارٹمنٹ تعلیم کے فروغ کے ذریعے امن کا بہترین پیامبر ہے۔ ڈاکٹر خرم شہزاد
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):ڈی جی لٹریسی ڈاکٹر خرم شہزاد نے امن کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ امن تعلیم سے ہی ممکن ہے۔ پنجاب کا لٹریسی ڈیپارٹمنٹ تعلیم کے فروغ کے ذریعے امن کا بہترین پیامبر ہے۔ انہوں نے کہا کہ لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کا مشن ہے کہ ناخواندہ افراد کو جرائم کی دلدل سے بچانے کیلئے خواندہ اور پرامن شہری بنایا جائے۔ ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ لٹریسی ڈیپارٹمنٹ ہزاروں ایسے افراد کی خواندگی کیلئے کوشاں ہے جو ناگزیر وجوہات کی بنا پر تعلیم حاصل نہیں کر سکتے۔ تعلیم بالغاں سمیت لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کے دیگر پراجیکٹس کے ذریعے کسان، مزدور، قلی، خاکروب، خواجہ سرا سمیت ہر محنت کش اور پسماندہ طبقے کا شخص خواندگی کے عمل سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت بھی محکمہ خواندگی 6 لاکھ افراد کو اپنے لٹریسی سنٹرز میں تعلیم دے رہا ہے جبکہ اب تک 46 لاکھ افراد محکمہ خواندگی پنجاب کے لٹریسی سنٹرز سے ابتدائی تعلیم حاصل کر کے اپنی زندگیاں بدل چکے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل لٹریسی نے مزید کہا کہ لٹریسی ڈیپارٹمنٹ تعلیم کے ذریعے امن کے فروغ کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ اگلے کچھ عرصہ میں جنوبی پنجاب میں ایک ہزار لٹریسی سنٹرز کے قیام کی صورت میں لاکھوں مزید افراد کو خواندہ بنانے کی منصوبہ بندی پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ افراد کو خواندہ بنائے بغیر پرامن معاشرے کا قیام ممکن نہیں۔