’بدنام کرنے کے لیے ہماری ڈیپ فیک ویڈیوز بنا رہے ہیں‘رشمیکا مندانا
سوشل میڈیا اور بالخصوص واٹس ایپ پر گزشتہ کچھ دنوں سے رشمیکا مندانا کی ایک فیک ویڈیو وائرل ہے جس میں انہیں قابل اعتراض لباس میں دکھایا گیا ہے۔
انڈیا کی اداکارہ رشمیکا مندانا گزشتہ کچھ دنوں سے ایک بے بنیاد سکینڈل کی زد میں ہیں جس میں اُن کی ویڈیو آرٹیفیشل انٹیلجنس کی ٹیکنالوجی کے باعث ’ڈیپ فیک‘ کی گئی ہے۔
سوشل میڈیا اور بالخصوص واٹس ایپ پر گزشتہ کچھ دنوں سے رشمیکا مندانا کی ایک فیک ویڈیو وائرل ہے جس میں انہیں قابل اعتراض لباس میں دکھایا گیا ہے۔
یہ ویڈیو اصل میں برطانوی انڈین سوشل میڈیا انفلوئنسر زارا پٹیل کی ہے جس پر ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کے ذریعے رشمیکا مندانا کا چہرہ لگایا گیا ہے۔
رشمیکا مندانا کی اس ڈیپ فیک ویڈیو کے ریلیز ہونے کے بعد انٹرنیٹ پر آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کے خطرناک منفی اثرات پر آواز اٹھائی جا رہی ہے۔
اس بارے میں رشمیکا مندانا نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی سٹوری میں لکھا کہ ’مجھے یہ بات کرتے ہوئے بہت دکھ ہو رہا ہے اور مجھے اپنی اس ڈیپ فیک ویڈیو کے بارے میں بات کرنی ہے جو کہ انٹرنیٹ پر پھیلائی جا رہی ہے۔‘
اداکارہ نے مزید لکھا کہ ’یہ ایسی چیز ہے جو کہ صرف میرے لیے ہی نہیں بلکہ ہم سب کے لیے بہت زیادہ خوفناک ہے جو کہ آج اس بارے میں خوفزدہ ہیں کہ ٹیکنالوجی کا کیسے غلط استعمال ہو سکتا ہے۔‘
وہ مزید کہتی ہیں کہ ’آج بطور خاتون اور اداکارہ میں اپنی فیملی، دوستوں اور محبت کرنے والوں کی ممنون ہوں جو میرا ساتھ دے رہے ہیں لیکن اگر یہ میرے ساتھ تب ہوا ہوتا جب میں سکول یا کالج میں تھی تو میں سوچ نہیں سکتی تھی کہ میں اسے کیسے برداشت کرتی۔‘
دوسری جانب انڈیا کے آئی ٹی وزیر راجیو چندراشیکھر نے بھی اس بارے میں اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
آئی ٹی وزیر راجیو چندراشیکھر کا اس بارے میں کہنا ہے کہ ’ڈیپ فیک جدید اور مزید زیادہ خطرناک اور مضر ہے، پلیٹ فارمز (سوشل میڈیا) اس کا سدباب کریں۔‘
وہ مزید کہتے ہیں کہ ’انڈیا کے آئی ٹی قوانین کے تحت، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو اس بات کی یقین دہانی کرنا ہوگی کہ کسی بھی صارف کی جانب سے کوئی بھی جعلی معلومات پوسٹ نہ کی جائیں۔‘
خیال رہے رشمیکا منداناجنوبی انڈیا کی تیلگو اور کنڈ فلم انڈسٹری کی اداکارہ ہیں جنہوں نے تمل اور ہندی فلموں میں بھی کام کر رکھا ہے۔
27 برس کی اداکارہ سیتا رامم، ڈیئر کامریڈ، پشپا سیریز اور مشن مجنوں جیسی کامیاب فلموں میں کام کر چکی ہیں جبکہ اُن کے مداح انہیں دسمبر میں سپرسٹار رنبیر کپور کے ساتھ فلم ’اینیمل‘ میں بھی دیکھیں گے۔