انٹرٹینمینٹ

انڈیا میں سمندری طوفان: سیلاب میں پھنسے عامر خان کو کشتی میں ریسکیو کیا گیا

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق طوفانی صورتحال کے سبب اب تک 13 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔

طوفانی صورتحال کے سبب انڈیا میں اب تک 13 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ (فوٹو: وِشنو وِشال/ایکس)
   
سمندری طوفان میچونگ انڈین ریاست آندھرا پردیش کے ساحل سے ٹکرا گیا ہے جس کے باعث پڑوسی ریاست تمل ناڈو میں بھی شدید بارشوں کے سبب سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق طوفانی صورتحال کے سبب اب تک 13 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔
تمل ناڈو کے شہر چنئی میں بارشوں کے سبب سیلابی صورتحال ہے اور پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوگیا ہے۔
انڈین اداکار عامر خان اورتمل اداکار وِشنو وِشال بھی سیلابی صورتحال کے سبب چنئی میں پھنس گئے تھے جنہیں مقامی حکام نے کشتی کے ذریعے ریسکیو کروایا۔
تمل اداکار وِشنو وِشال نے منگل کی صبح ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں اپنے گھر کی تصاویر شیئر کیں جو چاروں اطراف سے پانی میں گِھرا ہوا تھا۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’پانی میرے گھر میں داخل ہوگیا ہے اور اس کی سطح بُری طرح سے بڑھ رہی ہے۔‘
کچھ گھنٹوں بعد انہوں نے مزید تصاویر شیئر کیں جس میں اُن کے ساتھ عامر خان بھی کشتی میں سوار نظر آئے۔
تمل اداکار نے اپنی دوسری پوسٹ میں لکھا کہ فائر اینڈ ریسکیو ڈپارٹمنٹ نے اُن کی مدد کی اور کشتی کے ذریعے سیلابی علاقے سے نکالا۔
وِشنو وِشال کی پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے تمل ناڈو کے وزیر ٹی آر بی راجا نے عامر خان کی تعریف کرتے ہوئے تمل اداکار کو مخاطب کرکے کہا کہ ’میری طرف سے اپنے برابر میں کھڑے اچھے شخص کا بھی شکریہ ادا کیجیے گا کہ وہ ایک اچھے انسان ہیں اور انہوں نے خود کو ریسکیو کروانے کے لیے کسی سفارش کا سہارا نہیں لیا۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ عامر خان نے سفارش کروانے کے بجائے عام شہریوں کی طرح مدد کا انتطار کیا۔
مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button