
لیسکو ہیڈ کوارٹر میں اسٹریٹیجک پلاننگ اور آئی ٹی سٹیرنگ کمیٹی کے حوالے میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔لیسکو
موجودہ دور میں ضرورت اس امر کی ہے کہ پیچیدہ فائلنگ نظام کو آن لائن سسٹم میں تبدیل کر کے ادارے میں مینجمنٹ کے نظام کو مزید بہتر کیا جائے
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی لیسکو کے ہیڈ کوارٹر میں علی ایاز صادق کی کنونیئر شپ میں میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹر حافظ میاں محمد نعمان نے خصوصی شرکت کی جبکہ بورڈ ممبر رانا فیصل حیات، بورڈ ممبر فیصل ایوب،بورڈ ممبر احمد بخش تارڑ،بورڈ ممبر جہانزیب بدر، چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر،کمپنی سیکرٹری بشریٰ عمران اورڈائریکٹر جنرل میراڈ الطاف قادر بھی موجود تھے۔میٹنگ میں میٹریل کے اجراء کے لئے ای آر پی سسٹم کے نفاذ، پروکیورمنٹ،ایجنڈا پر بات کی گئی۔ کنونیئر علی ایاز صادق اور چیف ایگزیکٹو لیسکوانجینئر شاہد حیدر کی زیرِ نگرانی لیسکو میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کا کام آخری مراحل میں داخل ہو گیا۔ لیسکو میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کیلئے ایچ آر، ایڈمن، مٹیریل مینجمنٹ اور فنانس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کام کیا گیا ہے۔ اس پراجیکٹ کو پورا کر نے کے لئے کنونیئر علی ایاز صادق نے خصوصی طور پر دلچسپی لی۔ لیسکو ہیڈ کوارٹر میں اس سے قبل میڈیکل بلز کے کلیم، سکالرشپس کی ادائیگی، رینٹ بلز، میرج گرانٹ اور تجہیز و تکفین کے اخراجات کی ادائیگی کی منظوری مینوئیل طریقے سے دی جاتی تھی تاہم یہ پراجیکٹ مکمل ہوتے ہی ای آر پی سسٹم کے تحت یہ تمام منظوریاں آن لائن ایک کلک پر دی جائیں گی۔ایڈمن ڈائریکٹر ضمیر حسین کلاچی کا کہنا ہے کہ یہ اقدام سب سے پہلے لیسکو ایڈمن ڈائریکٹوریٹ میں اٹھایا گیا ہے ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن سے لیسکو کے نظام میں مزید بہتری آئے گی، چیف ایگزیکٹو لیسکوانجینئر شاہد حیدر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں ضرورت اس امر کی ہے کہ پیچیدہ فائلنگ نظام کو آن لائن سسٹم میں تبدیل کر کے ادارے میں مینجمنٹ کے نظام کو مزید بہتر کیا جائے۔ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے ذریعے ملازمین اپنے ادارے کے لئے بھی ایک فعال کردار ادا کرسکیں گے۔ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کی وجہ سے لیسکو میں کام مقررہ وقت پر مکمل کرنے میں مدد حاصل ہوگی۔واضح رہے کہ لیسکو کے تمام اسٹورز میں آن لائن سسٹم نافذ العمل ہے۔لیسکو نے تمام فیلڈ و ریجنل اسٹورز میں میٹریل کا ڈیٹاآن لائن کر دیا ہے اور مینوئل ایس آر اور ایلوکیشن آرڈر پر میٹریل کا اجراء کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔لاہور کے نادرن،سینٹرل،ایسٹرن اور سدرن سرکلز کے اسٹور میں سسٹم آن لائن کیا گیا ہے۔اب میٹریل کے اجراء کے لئے ڈیٹا سب ڈویژن سے ڈویژن اور ڈویژن سے سرکل بھیجا جائے گا اور سرکل سے میٹریل ریلیز فارم میٹریل مینجمنٹ کو بھیجا جائے گا اسی طرح شعبہ میٹریل مینجمنٹ سے ایلوکیشن ہونے کے بعد سرکل،ڈویژن سے سب ڈویژن بھیجا جائے گا اور سب ڈویژن کا فیڈر انچارج آن لائن مظوری دکھا کر اسٹور سے سامان لے سکے گا۔اس سسٹم کے ذریعے کمپنی میں میٹریل کی چوری کو بھی روکا جا سکے گا۔ لیسکو چیف کا مزید کہنا تھا کہ ہم اپنے تمام وسائل کو بروُے کار لاتے ہوئے لیسکو کو نمبر1کمپنی بنانے کی طرف گامزن ہیں، ہم لیسکو کو صارف دوست بنا رہے ہیں، ان اقدام سے کمپنی کی کارکردگی اور پراجیکٹس میں تاخیر کی شکایت دور ہو جائے گی۔