
لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے ملازمین محکمے کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں، چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدرکا تقریب سے خطاب
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر نے ڈرائیورز ایسوسی ایشن کے صدر شیر بہادر خان کو خراج تحسین پیش کیا
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):لیسکو ڈرائیورز ایسوسی ایشن کی جانب سے یونین کے صدر شیر بہادر خان کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر تقریب کا اہتمام کیا گیا، تقریب میں چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر، ڈائریکٹرایچ آر نعمان غفور، ڈی جی ایڈمن ضمیر حسین کولاچی، ایس ای جی ایس او عمر فاروق، ڈپٹی منیجر ایچ آر محمد شفیق اورپبلک ریلیشن آفیسر سلمان حیدر نے شرکت کی۔ اس موقع پر بزرگ رہنماخورشید احمد خان سمیت یونین کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر نے ڈرائیورز ایسوسی ایشن کے صدر شیر بہادر خان کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ شیر بہادر خان ہمارے لیئے قابل عزت اور محترم ہیں اور ان کی عزت کے ساتھ ریٹائرمنٹ پر میں انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس تقریب کا ایک مقصد شیر بہادر خان کی کمپنی کے لئے دی گئی خدمات کو سراہنا ہے کیونکہ انہوں نے اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ اس کمپنی کے لئے وقف کیا اور بطور چیف ایگزیکٹو آفیسر میں آپ کی جانب سے کمپنی کی ترقی کے لئے کی گئی کاوشوں کا شکرگزار ہوں۔ آپ کی ریٹائرمنٹ کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہے کہ اس ادارے سے آپ کا تعلق ختم ہوگیا بلکہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی آپ ہمارے لئے اسی طرح عزت کے قابل ہیں اور آپ کا اور ہمارا رشتہ پہلے سے بھی ذیادہ مضبوط ہوگیا ہے۔