سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ کی زیر ِ صدارت آپریشنز اور انوسٹی گیشن ونگز کے افسران کا اہم اجلاس
انتخابی سرگرمیوں کے دوران لڑائی جھگڑے اور فائرنگ کے واقعات کی روک تھام یقینی بنائی جائے،سی سی پی او کی ہدایت
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر ِ صدارت سی سی پی او آفس میں آپریشنز اور انوسٹی گیشن ونگز کے افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں انتخابی عمل کے دوران قیام ِ امن، زیرِ التواء روڈ سرٹیفکیٹس اور زیرِ تفتیش مقدمات کے حوالے سے کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔سی سی پی او نے لڑائی جھگڑے اور فائرنگ کے واقعات کی روک تھام یقینی بنانے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی ریلیز اورکارنر میٹنگزسمیت مختلف انتخابی سرگرمیوں کے دوران پولیس الرٹ رہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ انتخابی سرگر میوں کے دوران اسلحے کی نمائش اور فائرنگ پر بلا تفریق کارروائی کی جائے گی۔بلا ل صدیق کمیانہ نے کہا کہ سپر وائزری افسران اپنی بہترین کمانڈ اینڈ کنٹرول کے ذریعے امن عامہ کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس سروس عوامی خدمت پر مبنی ایک لائف سٹائل ہے۔انہوں نے ڈویژنل ایس پیزکوباقاعدگی سے فیلڈ وزٹ کرنے اور انتخابی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی کیلئے پولیس کے مختلف شعبے آپس میں کوارڈینیشن بہتر بنائیں۔
سی سی پی او نے زیر التواء روڈ سرٹیفکیٹس، بجلی چوری اورزیرِتفتیش مقدمات جلد سے جلدنمٹانے اورافسران کو اپنے متعلقہ تھانوں کا ریکارڈ پولکام کے مطابق اپ ڈیٹ رکھنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ تکمیل چالان اور کیسز یکسو کرنے کیلئے پراسیکیوٹرز سے مسلسل رابطے میں رہیں۔ انہوں نے کہا کہ اشتہاریوں اور بجلی چوروں کی گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں اور ڈویژنل افسران ملزمان کی گرفتاری کے لیے بنائی گئی ٹیموں سے باقاعدگی سے رپورٹس لیں۔ بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ انوسٹی گیشن ونگ کے افسران و اہلکار جدید فرانزک سائنس اور پیشہ ورانہ مہارت سے کیسز کو حل کریں۔اجلاس میں ڈی آئی جی (انوسٹی گیشن) عمران کشور، ڈی آئی جی(ایڈمن) منتظر مہدی،ایس ایس پی(آپریشنز)سید علی رضا، ایس ایس پی (انوسٹی گیشن)انوش مسعود چوہدری، ایس پی سیکورٹی اور ڈویژنل ایس پیز نے شرکت کی۔