
پاکستان آرمی کے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ کے وفدکا ریسکیو ہیڈ کوارٹرزو اکیڈمی کا دورہ
دورے کا مقصد ادارے کے فنکشن، آپریشنز اور تربیتی پہلوؤں کو سمجھنے کے لئے جدید تصورات اور پری ہاسپٹل ہیلتھ کیئر مینجمنٹ کی تکنیکوں کے بارے میں جاننا تھا
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):پاکستان آرمی کے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ کے طلباء اور افسران کے 32 رکنی وفد نے کورس ڈائریکٹر بریگیڈیئر نفیسہ خان کی سربراہی میں ایمرجنسی سروسز ہیڈ کوارٹرز اور اکیڈمی کا دورہ کیا۔ دورے کا مقصد ادارے کے فنکشن، آپریشنز اور تربیتی پہلوؤں کو سمجھنے کے لئے جدید تصورات اور پری ہاسپٹل ہیلتھ کیئر مینجمنٹ کی تکنیکوں کے بارے میں جاننا تھا۔ انہوں نے میڈیکل اور ٹراما ایمرجنسیز، فائر و کیمیائی ایمرجنسیز مینجمنٹ،کولیپس سٹرکچر سرچ اینڈ ریسکیو، واٹر ریسکیو اور سیلاب کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے خصوصی تربیتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا۔
ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں قائم کیے گئے بامقصد ٹریننگ سمیولیٹرز کے تحت جاری تربیت کے تفصیلی دورہ کرنے کے بعد سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ (ای ایس اے) ڈاکٹر رضوان نصیر نے انہیں پاکستان میں ایمرجنسی سروسز ریفارمز اور ریسکیو 1122 کے بارے میں آگاہ کیا جو کہ آج اقوام متحدہ کی انسراگ سرٹیفیکیشن حاصل کرنے کے بعد جنوبی ایشیا کا ایک مربوط ایمرجنسی سروس ماڈل ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ انسراگ سرٹیفیکیشن کی وجہ سے ریسکیو 1122 نے حال ہی میں ترکیہ میں آنے والے زلزلے کو ریسپانڈ کیا اور کئی قیمتی جانیں بچائیں۔ مزید برآں، ریسکیو 1122 نے اب تک 14.4 ملین سے زیادہ متاثرین کو ہنگامی حالات میں فوری ریسکیو سروسز فراہم کرتے ہوئے پاکستانی شہریوں کو تحفظ کا احساس فراہم کیا ہے۔ انہوں نے پاکستانی معاشرہ کو حادثات سے محفوظ بنانے اور افراد معاشرے کو ریسکیو سکاؤٹ کور پروگرام کے ذریعے تربیت فراہم کرنے کے بارے میں بھی آگاہ کیا اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ ریسکیو سروسز کا پنجاب بھر میں یکساں معیار صوبائی مانیٹرنگ سیل کی چوبیس گھنٹے ٓپریشنز کی مانیٹرنگ کی وجہ سے ممکن ہوا۔
آرمی کے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ کے وفد کی جانب سے، لیفٹیننٹ کرنل محمد فیاض نے کہا کہ ریسکیو 1122 غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت، حوصلے اور لگن کا مظاہرہ کرتے ہوئے حقیقی معنوں میں معاشرے میں ایک مثبت تبدیلی پیدا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو ٹیموں کے فوری ریسپانس سے ایمرجنسی میں کمیونٹی کو فوری مدد فراہم ہوئی ہے۔ ریسکیو 1122 کی طرف سے فراہم کردہ ا یمرجنسی مینجمنٹ سسٹم کمیونٹی کے لیے واقعی حیرت انگیز ہے۔ ہم ایمرجنسی سروسز اکیڈمی اور ڈیپارٹمنٹ کی قیادت اور انتظامیہ کے باضابطہ طور پر شکر گزار ہیں کہ ہمیں اس اہم تر بیتی اکیڈمی میں مختلف تربیتی پروگراموں کا مشاہدہ کرنے کا موقع فراہم کیااور یسکیو سروسز کے بارے میں آگاہی دی گئی۔