
معصوم بچے فرزان کا علاج سینیئر کنسلٹنس کی موجودگی میں ہو رہا ہے، صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق
صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے معصوم بچے کے والد رضوان کاشف سے بھی ملاقات کی اور بہتر علاج کی یقین دہانی کروائی
وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق چلڈرن ہسپتال لاہور پہنچ گئے۔ صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے ٹیومر کا شکار اور گوجرانوالہ کے رہائشی 14 سالہ فرزان سے ملاقات کی اور عیادت کی۔ فرزان کے علاج و معالجہ کو مزید بہتر بنانے کیلئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے نوٹس لیا تھا۔ اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق، ایم ڈی چلڈرن ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر ٹیپو سلطان، پروفیسر بلال مرزا، ڈاکٹر عاطف اور متعلقہ کنسلٹنس موجود تھے۔صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے معصوم بچے کے والد رضوان کاشف سے بھی ملاقات کی اور بہتر علاج کی یقین دہانی کروائی۔ صوبائی وزیر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا کہ معصوم بچے فرزان کا علاج سینیئر کنسلٹنس کی موجودگی میں ہو رہا ہے۔ فرزان بہت ہی ذہین بچہ ہے۔ فرزان کے بہتر علاج کو یقینی بنانے کیلئے خود حاضر ہوا ہوں۔