
صوبائی وزیر ںرائے انسانی حقوق و پارلیمانی امُور طاہر خلیل سندھو نے متوفی خاندان سے اظہار افسوس کیا اور واقعہ کی مذمت بھی کی
وزیر اعلیٰ مریم نواز کا فیصل آباد میں گٹر کی صفائی کے دوران سیور مینوں کی ہلاکت کے واقعہ کا نوٹس
پاکستان لاہور (نمائندہ وائس آف جرمنی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے فیصل آباد ڈائیوو روڈ پر نجی مارکی میں سیوریج لائن کی صفائی کے دوران دو واسا ملازمین کی ہلاکت کا فوری نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر انسانی حقوق و پارلیمانی امور پنجاب کو دکھی خاندان کی داد رسی کے لئے فیصل آباد کا دورہ کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر صوبائی وزیر ںرائے انسانی حقوق و پارلیمانی امُور طاہر خلیل سندھو نے مقبول ٹائون چک 100 ج۔ب میں متوفی خاندان سے اظہار افسوس کیا اور واقعہ کی مذمت بھی کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ دکھی خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ متوفی خاندانوں کو قوانین کے مطابق مالی امداد فراہم کریں گے۔ طاہر خلیل سندھو نے بتایا کہ مارکی انتظامیہ کی جانب سے دونوں خاندانوں کو ساڑھے 27 لاکھ روپے دلوا کر برابر تقسیم کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریگولر ملازم کو حکومتی پالیسی کے مطابق اعزازیہ دیا جائے گا۔ متوفی کے خاندانوں سے 17 اے کے تحت واسا میں بھرتی بھی کئے جائیں گے۔ ڈیلی ویجز شان مسیح کو ڈیلی ویجز رولز کے تحت مالی امداد دی جائے گی۔ 5/5 لاکھ روپے لیبر قوانین کے مطابق بھی دلوائے جائیں گے۔ صوبائی وزیر طاہر خلیل سندھو کا مزید کہنا تھا کہ ریگولر ملازم کی بیوہ کو ریٹائرمنٹ کی عمر تک پینشن دیں گے اور اس مشکل گھڑی میں دُکھی خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے. مرنے والوں کو واپس نہیں لاسکتے لیکن ان کی مالی امداد کریں گے.