
چیف سیکرٹری کا راشن بیگز کی فراہمی کے عمل پراظہار اطمینان، مظفرگڑھ،بہاولپور میں بعض مقامات پر راشن بیگز کی کلسٹرز میں تقسیم پر متعلقہ عملہ کو معطل کرنے کی ہدایات جاری
رمضان پیکج کے تحت 28لاکھ سے زائد راشن بیگز مستحق گھرانوں تک پہنچا دیئے گئے، لاہور میں رمضان بازاروں میں قائم10ایگریکلچر فیئرپرائس شاپس پر درآمد شدہ پیاز95روپے فی کلو گرام کی قیمت پر دستیاب ہے گزشتہ روز گرانفروشی پر 598افراد گرفتار، 192مقدمات درج،78لاکھ روپے کے جرمانے کئے گئے، اجلاس کو بریفنگ
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پررمضان المبارک میں عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے پنجاب حکومت سر گرم عمل، رمضان پیکج کے تحت 28لاکھ سے زائد راشن بیگز مستحق گھرانوں تک پہنچا دیئے گئے۔ گزشتہ روز 3لاکھ19ہزار سے زائد راشن بیگز فراہم کئے گئے۔ حکام نے چیف سیکرٹری کو بریفنگ میں بتایا کہ لاہور میں رمضان بازاروں میں قائم10ایگریکلچر فیئرپرائس شاپس پر درآمد شدہ پیاز95روپے فی کلو گرام کی قیمت پر دستیاب ہے جبکہ راولپنڈی، فیصل آباد، سرگودھا اور گوجرانوالہ میں درآمد شدہ پیاز کی فروخت آج سے شروع کر دی جائے گی۔
رمضان پیکج کے تحت راشن بیگز کی تقسیم اور پرائس کنٹرو ل اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان زیرصدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا جس میں صنعت، زراعت اور دیگر محکموں کے سربراہان، چیئرمین پی آئی ٹی بی، ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی، ڈی آئی جی سپیشل برانچ اور متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ رمضان پیکج کے تحت راشن بیگز کی گھروں کی دہلیز پر فراہمی بہت بڑا چیلنج تھا، پروگرام پر جس منظم انداز میں عملدرآمد کرایا جا رہا ہے اسکی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے رمضان پیکج کے تحت راشن بیگز کی فراہمی کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا اور راشن بیگزفراہمی کا 71فیصد ہدف حاصل کرنے پر ڈپٹی کمشنر لودھراں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان پیکج کے تحت فراہم کئے جانیوالے راشن کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، پنجاب فوڈ اتھارٹی راشن کی چیکنگ جا ری رکھے۔
چیف سیکرٹری نے مظفرگڑھ اور بہاولپور میں بعض مقامات پر راشن بیگز کی کلسٹرز میں تقسیم پر متعلقہ عملہ کو معطل کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ قیمتوں کی موثرنگرانی کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے،نرخناموں پر عملدرآمد کرانے سے صارفین کو بڑی حد تک ریلیف ملے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں پوری طرح متحرک رہیں اور گرانفروشی پر سخت کارروائی عمل میں لائیں۔
صنعت اور زراعت کے محکموں کے سیکرٹریز نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز گرانفروشی پر 598افراد کو گرفتار اور 192مقدمات درج کئے گئے،پرائس مجسٹریٹس نے 72ہزار مقامات کی چیکنگ کی، خلاف ورزیوں پر 78لاکھ روپے کے جرمانے کئے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روزایک لاکھ سے زائد صارفین رمضان بازاروں میں قائم ایگریکلچر فیئر پرائس شاپس سے مستفید ہوئے، ان شاپس پر 13اشیاء ہول سیل ریٹ سے بھی25فیصد کم قیمت پر فروخت کی جا رہی ہیں۔