پاکستان پریس ریلیزتازہ ترین

اصلاحات کا مقصد صارفین کے لیے بجلی سستی اور خدمات کا معیار بہتر بنانا ہے، محمد اورنگزیب

کمیٹی نے بجلی کی مسابقتی مارکیٹ کے مجوزہ نظام کا جائزہ لیتے ہوئے اس بات پر غور کیا کہ نجی بجلی فراہم کرنے والوں کو صارفین کے لیے بہتر اور مسابقتی ٹیرف متعارف کرانے کے مواقع فراہم کیے جائیں

Al-Syed Tech Company Bio Medical Equipment Service

سید عاطف ندیم-ادارت
اسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے بجلی کے شعبے میں ریگولیٹری اصلاحات کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اصلاحات کا بنیادی مقصد صارفین کے لیے بجلی کی قیمتوں میں کمی، سروس کے معیار میں بہتری اور شعبے کو مالی طور پر پائیدار بنانا ہونا چاہیے۔
وزیر خزانہ کی زیر صدارت پاور سیکٹر ریگولیٹری نظام سے متعلق اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں مجوزہ اصلاحات اور تکنیکی ورکنگ گروپ کی سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بجلی کی تقسیم کے نظام میں شفافیت، سرمایہ کاری کے فروغ، نجی شعبے کی شمولیت اور مسابقتی بجلی مارکیٹ کے قیام سے متعلق تجاویز پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے لیے سرمایہ کاری، کارکردگی کے معیار، لائن لاسز میں کمی اور خدمات کی بہتری کے حوالے سے واضح ضابطے متعارف کرانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اس کے علاوہ نیپرا اور مسابقتی کمیشن آف پاکستان کے اختیارات اور ذمہ داریوں کو واضح کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
اجلاس میں بجلی کی پیداوار اور کھپت کے درمیان بڑھتے ہوئے فرق، سولرائزیشن اور بیٹری اسٹوریج کے بڑھتے رجحان کے باعث گرڈ سے بجلی کی طلب میں کمی اور اضافی پیداواری صلاحیت کے مالی اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے اتفاق کیا کہ بجلی کی اضافی پیداواری صلاحیت اور کیپسٹی پیمنٹس کا بوجھ صارفین پر مزید منتقل ہونے سے روکنے کے لیے عملی اقدامات ضروری ہیں۔
کمیٹی نے بجلی کی مسابقتی مارکیٹ کے مجوزہ نظام کا جائزہ لیتے ہوئے اس بات پر غور کیا کہ نجی بجلی فراہم کرنے والوں کو صارفین کے لیے بہتر اور مسابقتی ٹیرف متعارف کرانے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ تاہم اس عمل میں موجودہ بجلی خریداری کے معاہدوں، کیپسٹی پیمنٹس اور یکساں ٹیرف کے نظام پر ممکنہ اثرات کا مزید جائزہ لینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
اجلاس میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے تناظر میں زمین، واجبات، پنشن اور عدالتی مقدمات سمیت اثاثوں اور ذمہ داریوں کے انتظام کے لیے مؤثر اور کم لاگت انتظامی نظام وضع کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مجوزہ اصلاحات کے حوالے سے باقی ماندہ تکنیکی اور پالیسی معاملات کی نشاندہی کرکے حتمی سفارشات پیش کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اصلاحات کے لیے قابل عمل روڈ میپ تیار کیا جائے تاکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد برقرار رکھنے کے ساتھ صارفین کو سستی اور معیاری بجلی فراہم کی جا سکے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button