اہم خبریںپاکستان

کراچی ایئرپورٹ کے قریب دھماکہ، 2 افراد ہلاک، 10 زخمی

زخمی ہونے والوں میں پولیس اور رینجرز کے اہلکار بھی شامل ہیں۔ دھماکے میں کئی گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔

کراچی(بیورووپورٹ): جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب آئل ٹینکر میں دھماکے سے دو افراد جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہوگئے۔
ایئرپورٹ سگنل کے قریب آئل ٹینکر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کی آواز دور تک سنی گئی، اطراف میں رہنے والے لوگ گھروں سے باہر نکل آئے، رینجرز اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا، فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ کر آگ بھجانے میں مصروف ہوگئیں۔
آگ لگنے سے تین گاڑیاں اور چار موٹر سائیکلیں تباہ ہوگئیں، امدادی ٹیموں نے ایک گھنٹے کی طویل جدوجہد کے بعد ٹینکر اور گاڑیوں کی آگ بجھا دی، دھماکے کے بعد شارع فیصل کے اطراف میں بدترین ٹریفک جام ہوگیا، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
ڈی آئی جی ایسٹ نے بتایا کہ دھماکے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہوگئے، جاں بحق اور زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، زخمیوں میں 3 سکیورٹی، 2 رینجرز اور ایک پولیس اہلکار، ایک غیر ملکی اور دیگر تین افراد شامل ہیں، سی ٹی ڈی اور بم ڈسپوزل سکواڈ کی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں اور شواہد اکٹھے کئے۔
صوبائی وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار کا کہنا ہے کہ واقعہ دہشت گردی کا نتیجہ ہے دہشت گردوں نے نشانہ ایک کار کو بنایا ہے جس میں غیر ملکی سوار تھا جو زخمی ہوا ہے۔
ایس ایس پی ملیر کاشف عباسی کے مطابق ہر طرح سے تفتیش کی جارہی ہے، واقعہ کے بعد صوبائی وزیرداخلہ، آئی جی سندھ ودیگر افسران موقع پر پہنچ گئے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس چیف سے رپورٹ طلب کرلی، وزیراعلیٰ نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کے بھی احکامات دیئے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button