اہم خبریںپاکستان

پاکستان اور چین کا باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق، 13 ایم اویوز اور دستاویزات کا تبادلہ

وزیراعظم شہباز شریف اور چینی وزیراعظم لی چیانگ کے درمیان وفود کی سطح پر ہونے والی بات چیت کے بعد پیر کو وزیراعظم ہائوس میں منعقدہ تقریب میں ایم او یوز، معاہدوں اور دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا۔

اسلام آباد (بیورورپورٹ):‌پاکستان اور چین نے سکیورٹی، تعلیم، زراعت، انسانی وسائل کی ترقی اور سائنس و ٹیکنالوجی سمیت متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کرتے ہوئے طے شدہ 13 مفاہمت کی یادداشتوں اور دستاویزات کا تبادلہ کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور چینی وزیراعظم لی چیانگ کے درمیان وفود کی سطح پر ہونے والی بات چیت کے بعد پیر کو وزیراعظم ہائوس میں منعقدہ تقریب میں ایم او یوز، معاہدوں اور دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا۔
وفود کی سطح پر ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا اور باہمی دلچسپی کی علاقائی اور عالمی امور پر بات چیت کی۔
دونوں رہنماؤں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پاک چین سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ،جو کہ باہمی اعتماد اور مشترکہ اصولوں پر مبنی ہے، کو وقت کے ساتھ مزید تقویت مل رہی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے بنیادی نوعیت کے تمام معاملات پر ایک دوسرے کی حمایت کا اعادہ کیا اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) فیز 2 کی اعلیٰ معیار پر ترقی کے لیے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات میں چینی صنعتوں کی پاکستان میں ری لوکیشن کے حوالے سے بات چیت ہوئی اور پاکستان میں چینی سرمایہ کاری بڑھانے کے حوالے سے حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
بعد ازاں دونوں وزرائے اعظم کی اپنے وفود کے ہمراہ موجودگی کے دوران 13 مفاہمت کی یادداشتوں اور دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا۔
وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ اور چین کے وزیر تجارت وانگ وینتائو نے سمارٹ کلاس رومز پراجیکٹ کی حوالگی سے متعلق ایم او یو کی دستاویز کا تبادلہ کیا۔
سی پیک مشترکہ کوآرڈینیشن کمیٹی (جے سی سی) کے 13 ویں اجلاس کے منٹس سے متعلق ایم او یو کی دستاویز کا تبادلہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال اور چین کے نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن کے وائس چیئرمین لیو سوشو نے کیا۔
سی پیک کے تحت گوادر پر مشترکہ ورکنگ گروپ کے 7 ویں اجلا س کےمنٹس سے متعلق ایم او یو کا تبادلہ وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال اور چین کے نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن کے وائس چیئرمین لیو سوشو نے کیا۔
سی پیک روزگار کے فروغ کےلئے تعاون کے ایم او یو کا تبادلہ وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال اور چین کے نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن کے وائس چیئرمین لیو سوشو نے کیا ۔اطلاعات اور مواصلات کے شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ کے لئے ایم او یو کا تبادلہ وفاقی وزیر اقتصادی امور احدچیمہ اور چین کے انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے چیئرمین لیو جائو ہوئی نے کیا۔
پانی کی تنصیبات کا تحفظ، فلڈکنٹرول اور آفات میں کمی سے متعلق باہمی تعاون کے سمجھوتے کا تبادلہ وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ اور چین کے انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے چیئرمین لیو جائو ہوئی نے کیا۔ سلامتی کے شعبے میں تعاون کے ایم او یو کی دستاویز کا تبادلہ وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ اور چین کے انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے چیئرمین لیو جائو ہوئی نے کیا۔
جی ڈی آئی کے تحت انسانی وسائل کی ترقی پر لیٹر آف ایکسچینج کے ایم او یو کی دستاویز کا تبادلہ وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ اور چین کے انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے چیئرمین لیو جائو ہوئی نے کیا۔ اسلام آباد میں آگ بجھانے والی گاڑیوں سے متعلق معاونتی پروگرام کے لیٹر آف ایکسچینج ایم او یو کی دستاویز کا تبادلہ وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ اور چین کے انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے چیئرمین لیو جائو ہوئی نے کیا۔
چین کو جانوروں کے گوشت کی برآمد سے متعلق قرنطینہ تقاضوں سے متعلق پروٹوکول کی دستاویز کا تبادلہ وفاقی وزیرغذائی تحفظ راناتنویر حسین اور پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ ژائی ڈونگ نے کیا۔ مشترکہ لیبارٹریوں کی مشترکہ معاونت سے متعلق ایم او یو کی دستاویز کا تبادلہ سیکرٹری سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ساجد بلوچ اور پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ ژائی ڈونگ نے کیا ۔
مشترکہ ٹی وی پروگراموں کی تیاری سے متعلق ایم او یو کی دستاویز کا تبادلہ وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات عنبرین جان اور پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ ژائی ڈونگ نے کیا۔ اس موقع پر سٹیٹ بینک آف پاکستان اور پیپلز بینک آف چائنہ کے درمیان کرنسی کے تبادلے کے معاہدے کا بھی اعلان کیا گیا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button