صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے ٹیوٹا سٹاف یونین کے صدر مختار اعوان کی قیادت میں وفد کی ملاقات
ٹیوٹا کے اداروں کی اپ گریڈیشن کا عمل جاری ہے۔سکل ڈویلپمنٹ کے فروغ کیلئے ٹیوٹا اور کوتھم کے مابین تعاون کا معاہدہ کیا جائے گا
لاہور(نمائندہ): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے ٹیوٹا سٹاف یونین کے صدر مختار اعوان کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں ہونے والی ملاقات میں ٹیوٹا کے ملازمین کیلئے ڈسپیریٹی الاؤنس،ملازمین کی ترقیوں کے لئے فریم ورک اور دیگر مسائل پر بات چیت ہوئی۔وفد نے یونین عہدیداران پر پابندیوں،انتقامی کارروائیوں کے خاتمے اور دیگر مطالبات کئے۔صوبائی وزیر نے جائز مطالبات کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ٹیوٹا ملازمین کیلئے 40فیصدڈسپیریٹی الاؤنس کی سمری منظوری کیلئے بھجوادی ہے۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ٹیوٹا کے اداروں کی اپ گریڈیشن کا عمل جاری ہے۔سکل ڈویلپمنٹ کے فروغ کیلئے ٹیوٹا اور کوتھم کے مابین تعاون کا معاہدہ کیا جائے گا۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ پاکستان کا مستقبل معیاری فنی تعلیم کے فروغ سے جڑا ہے،ٹیکنیکل ایجوکیشن کے فروغ کیلئے ہمیں مل کر آگے بڑھنا ہے۔ٹیوٹا کے زیر اہتمام ایسی عمارتوں کی نشاندہی کی جائے جہاں تربیتی کورسز کی کلاسیں نہیں ہورہیں۔ ٹیوٹا کے اداروں کی بہتری اور اسے ہرقسم کی کرپشن سے پاک کرنا میرا مشن ہے۔صوبائی وزیرصنعت و تجارت نے کہاکہ ٹیوٹا کا فنانشل اور پرفارمینس آڈٹ کرایا جا رہا ہے۔ٹیکنیکل ایجوکیشن کے فروغ کے لئے ٹیوٹا کے ملازمین محنت اور لگن سے کام کریں۔ملازمین کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔وفد میں سینئر نائب صدر چوہدری حفیظ گجر،جنرل سیکریٹری رانا محمد حیات اور دیگر شامل تھے۔