خانہ فرہنگ ایران میں خاتون جنت بی بی فاطمہ س کا یوم شہادت عقیدت واحترام سے منایا گیا۔
حضرت فاطمہ ہر پہلو سے مثالی،مردوں کیلئے بھی رول ماڈل ہیں: ڈی جی خانہ فرہنگ ایران اصغر مسعودی
لاہور: خانہ فرہنگ قونصلیٹ جنرل اسلامی جمہوریہ ایران-لاہور دختر رسول، خاتون جنت بی بی فاطمہ(س) کا یوم شہادت عقیدت واحترام سے منایا گیا ۔
اس موقع پر "حضرت فاطمہ س مسلمان خواتین کی رول ماڈل” کے عنوان سے سمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے مقررین نے سیرت فاطمہ پر روشنی ڈالی اور اسوہ بتول س کو طبقہ نسواں کیلئے نمونہ کامل قراردیا۔
سیدۃ کائنات حضرت بی بی فاطمہ(س) کے یوم شہادت کے حوالے سے سمینار میں صدارتی خطاب کرتے ہوئے ڈی جی خانہ فرہنگ ایران اصغر مسعودی نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا اللہ کے نزدیک بلند ترین مقام رکھتی ہیں،ان کو "محدثہ” کہا گیا کیونکہ فرشتے ان سے بات کرتے تھے،رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ جو فاطمہ سے محبت کرے گا وہ جنت میں ہوگا، اور جو ان سے دشمنی رکھے گا وہ جہنم میں ہوگا۔
ڈاکٹر اصغر مسعودی نے کہا کہ حضرت فاطمہ ہر پہلو سے مثالی ہیں،والد کے لیے بہترین بیٹی، شوہر کے لیے بہترین زوجہ، اور اولاد کے لیے مثالی ماں۔ وہ ایک مبارزہ کرنے والی اور ذمہ دار خاتون تھیں، جو معاشرتی اور مذہبی ذمہ داریاں بخوبی ادا کرتی تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فاطمہ سلام اللہ علیہا نہ صرف خواتین بلکہ مردوں کے لیے بھی رول ماڈل ہیں، جن کی زندگی میں دین، قربانی، اور انسانیت کی اعلیٰ قدریں جھلکتی ہیں۔
سیمینار سے رکن مجلس نظارت امامیہ آرگنائزیشن سید علی رضا نقوی،سربراہ انجمن سفیران رسالت رباب رضوی، جامعہ عروہ الوثقی سے معصومہ محمود اور جماعت اسلامی سے ثمینہ سعید نے بھی خطاب کیا۔سیمینار کے اختتام پر خواتین نے نوحہ خوانی بھی کی۔