صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ کی زیر صدارت اہم اجلاس
پنجاب بینک مین دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی جبکہ تمام ڈسٹرکٹس کے ڈپٹی کمشنرز (ڈی سیز) نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے گزشتہ روز اپنے کیمپ آفس میں اقلیتی برادری کے لیے مینارٹیز کارڈز کے اجراء کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی سیکرٹری مینارٹیز عائشہ یاسین ، نمائندگان
پنجاب بینک مین دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی جبکہ تمام ڈسٹرکٹس کے ڈپٹی کمشنرز (ڈی سیز) نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس کے دوران رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب، مریم نواز کی خواہش ہے کہ مینارٹیز کارڈز کے اجراء کے تمام مراحل کو آسان اور شفاف بنایا جائے تاکہ ان کارڈز کی تقسیم میں کسی قسم کی غلط فہمی یا بدعنوانی نہ ہو۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ کارڈز 20 دسمبر کو وزیر اعلیٰ پنجاب اپنے ہاتھوں سے جاری کریں گی اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ یہ کارڈز صرف اور صرف حقدار افراد تک پہنچیں۔
صوبائی وزیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خواتین کو بھی برابری کی سطح پر لسٹوں میں شامل کیا جائے کیونکہ وزیراعلیٰ پنجاب خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام مراحل کو مکمل شفافیت کے ساتھ عمل میں لایا جائے۔
اجلاس میں سیکرٹری انسانی حقوق رائے علی بہادر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کابینہ کی جانب سے مینارٹیز کارڈز کی تقسیم کی منظوری دے دی گئی ہے، اور ڈی سی صاحبان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس حوالے سے اپنے فوکل پرسنز نامزد کریں اور تمام مراحل کی نگرانی خود کریں۔
بینک آف پنجاب کے نمائندے نے ایپ اور کارڈز کے حصول کے بارے میں تفصیلات فراہم کی اور بتایا کہ کارڈز کا ڈیزائن تیار کر لیا گیا ہے۔ آئ ٹی کے نمائندے نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ سائلین اپنا ڈیٹا کس طرح فراہم کریں گے اور اس پورے عمل کو کس طرح آسان بنایا گیا ہے۔
صوبائی وزیر نے محکمہ انسانی حقوق سے ایڈمن آفیسر میاں عمر حیات کو فوکل پرسن نامزد کرنے کے احکامات جاری کیے اور ہدایت کی کہ لسٹوں کی ویری فیکیشن کے بعد انہیں بینک آف پنجاب بھیجا جائے۔ مزید برآں، انہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ فوکل پرسنز کو آئ ٹی محکمے سے مکمل تربیت فراہم کی جائے تاکہ اس پورے عمل کو ہموار اور مؤثر طریقے سے مکمل کیا جا سکے۔ اجلاس میں پنجاب بینک، آئ ٹی، محکمہ انسانی حقوق اور دیگر محکموں کے نمائندے نے اپنے تجربات اور تجاویز فراہم کیں تاکہ مینارٹیز کارڈز کے اجراء کا عمل مزید بہتر بنایا جا سکے۔ اجلاس کے اختتام پر صوبائی وزیر نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ وہ اس منصوبے کی تکمیل کے لیے مکمل تعاون کریں اور حقدار افراد کو بلا تاخیر مینارٹیز کارڈز فراہم کیے جائیں اور آج ہی محکمہ کی جانب سے ایک لیٹر تمام ڈی سیز کو ارسال کیا جائے ۔