لیسکوصارفین کی شکایات کے ازالے کے لئے ریجن بھر میں کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری۔
تمام ایس ڈی اوز اپنی ٹیم کے ہمراہ روزانہ کی بنیاد پر اپنی سب ڈویثرنز میں کھلی کچہریوں کا باقاعدہ انعقاد یقینی بنا رہے ہیں
لاہور :وزارت پاور ڈویژن کی خصوصی ہدایات پر لیسکو ریجن میں کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری ہے جس کا مقصد لیسکو صارفین کو بجلی بلوں اور دیگر معاملات میں درپیش مسائل کا فی الفور ازالہ کرنا ہے۔ چیف ایگزیکٹو انجینئرشاہد حیدر کا کہنا ہے کہ لیسکو کے آٹھوں سرکلز میں اس حوالے سے خصوصی کچہریاں لگائی جارہی ہیں۔ میڈیا اور پینا فلیکسز کے ذریعے عوام الناس کو اس بابت پیشگی اطلاع بھی دی جارہی ہے۔ تمام ایس ڈی اوز اپنی ٹیم کے ہمراہ روزانہ کی بنیاد پر اپنی سب ڈویثرنز میں کھلی کچہریوں کا باقاعدہ انعقاد یقینی بنا رہے ہیں۔ ایس ایز اور ایکسئین ان کچہریوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ منعقد ہونے والی کھلی کچہریوں میں مختلف نوعیت کی کل 1029شکایات موصول ہوئیں تمام شکایات کا موقع پر ہی ازالہ کر دیاگیا۔ واضح رہے کہ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدرخود بھی اپنی ٹیم کے ہمراہ کھلی کچہریوں کا سرپرائز وزٹ بھی کر رہے ہیں۔ کھلی کچہریوں میں آنے والے صارفین نے لیسکو کے اس عمل کا خیر مقدم کیا اورامید ظاہر کی کہ لیسکو آئندہ بھی صارفین کی سہولت کے لئے ہر ممکن کوششیں جاری رکھے گا۔