اہم خبریںپاکستان

محسن نقوی کی سعودی عرب کے اینٹی نارکوٹکس ہیڈکوارٹر آمد

محسن نقوی کی سعودی ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس سے ملاقات۔ انسداد منشیات کے لئے دوطرفہ معاونت کے تحت مزید مؤثر اقدامات پر اتفاق۔ پاکستان کو منشیات کا سراغ لگانے کے لئے جدید ترین آلات کے حوالے سے تعاون کی پیشکش

ریاض: وفاقی وزیرداخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی کی سعودی عرب کے اینٹی نارکوٹکس ہیڈکوارٹر آمد، ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس میجر جنرل محمد ال قرنی نے استقبال کیا۔محسن نقوی نے سعودی ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس سے ملاقات کی جس میں انسداد منشیات کے حوالے سے باہمی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں انسداد منشیات کے لئے دوطرفہ معاونت کے تحت مزید مؤثر اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں سعودی ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس نے پاکستان کو منشیات کا سراغ لگانے کے لئے جدید ترین آلات کے حوالے سے تعاون کی پیشکش کی۔ وفاقی وزیرداخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے سعودی عرب کے اینٹی نارکوٹکس ہیڈ کوارٹر کا دورہ بھی کیا اور اینٹی نارکوٹکس ہیڈکوارٹر کے کنٹرول روم کا مشاہدہ کیا۔ محسن نقوی نے ہیڈ کوارٹر کے مختلف شعبے دیکھے ۔ سعودی حکام نے انسداد منشیات کے سلسلے میں بریفنگ دی۔ وزیرداخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے ڈائریکٹر جنرل سعودی اینٹی نارکوٹکس کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔ محسن نقوی نے کہا کہ منشیات کی لعنت سے کوئی ملک تنہا نہیں نمٹ سکتا، یہ اقوام عالم کا مشترکہ چیلنج بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اینٹی نارکوٹکس کے حوالے سے تعاون جاری رکھے گا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے اس بات پر زور دیا کہ نئی نسل کو نشے سے محفوظ ماحول دینے کیلئے بین الاقوامی سطح پر جامع اقدامات کی ضرورت ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سعودی اینٹی نارکوٹکس پاکستان کے ادارے اے این ایف کے ساتھ رابطے میں ہے، اے این ایف کے ساتھ مستقل بنیادوں پر معلومات کا تبادلہ ہوتا ہے۔ بریفنگ میں واضح کیا گیا کہ حال ہی میں سعودی عرب کی انفارمیشن پر پاکستان سے منشیات کے 2 ملزم پکڑے گئے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button