پاکستاناہم خبریں

پاکستان: کرسمس اور قائد اعظم ڈے: پنجاب پولیس کا سکیورٹی پلان فائنل۔

لاہور سمیت صوبہ بھر کے 2900 سے زائد گرجا گھروں کی سکیورٹی پر 30 ہزار پولیس افسران و اہلکار تعینات ہونگے۔

لاہور:‌ پنجاب پولیس نے کرسمس اور قائد اعظم ڈے کے موقع پر سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق، لاہور سمیت صوبہ بھر کے 2900 سے زائد گرجا گھروں کی سکیورٹی ڈیوٹی پر 30 ہزار پولیس افسران و اہلکار تعینات ہونگے۔ صوبائی دارالحکومت کی 600 سے زائد مسیحی عبادت گاہوں پر 05 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ قائداعظم ڈے پر منعقدہ پروگرامز کی سکیورٹی پر 01 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔ کرسمس اور قائداعظم ڈے پر خواتین شہریوں کی چیکنگ کیلئے لیڈیز پولیس اہلکار بھی تعینات کی جائیں گی۔ گرجا گھروں کو حساسیت کے اعتبار سے اے، بی اور سی کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ اے کیٹیگری میں 142، بی کیٹیگری میں 291، سی کیٹیگری میں 2500 سے زائد گرجا گھر شامل ہیں۔
آئی جی پنجاب نے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی ہے کہ کرسمس اور قائداعظم ڈے پر سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی جبکہ حساس گرجا گھروں پر اضافی نفری تعینات کی جائے۔ آئی جی پنجاب نے مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پولیس انتہائی الرٹ رہے اور ملک دشمن عناصر و مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپروائزری افسران گرجا گھروں کی انتظامیہ سے مسلسل رابطے اور باہمی مشاورت سے سکیورٹی انتظامات یقینی بنائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کی مدد سے کرسمس اور قائد اعظم ڈے تقاریب کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے اور حساس گرجا گھروں اور اہم مقامات کی سکیورٹی پر کمانڈوز اور سنائپرز تعینات کئے جائیں گے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ڈولفن سکواڈ، پیرو، ایلیٹ پولیس کی ٹیمیں گرجا گھروں اور مسیحی آبادیوں کے اطراف موثر پٹرولنگ یقینی بنائیں جبکہ سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ ٹیمیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے دہشت گرد و شر پسند عناصر کی سرکوبی کریں۔ آئی جی پنجاب نے تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز، سی ٹی اوز کو سکیورٹی و ٹریفک انتظامات کی خود نگرانی کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس تقریبات سے قبل گرجا گھروں، مسیحی آبادیوں کے اطراف میں فلیگ مارچ، سرچ اینڈ سویپ آپریشن کئے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرسمس پر پارکوں، تفریحی مقامات، غیر ملکی سفارت خانوں سمیت تمام حساس تنصیبات کی فول پروف سکیورٹی بھی یقینی بنائی جائے اور تمام مکاتب فکر کے رہنما کے ساتھ مل کر کرسمس پر بین المذاہب ہم آہنگی کا فروغ یقینی بنائیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button