پاکستان:پنجاب اسمبلی میں پہلی ایشیا اور جنوب مشرقی ایشیا ریجنل سی پی اے کانفرنس – عالمی پارلیمانی تعاون کی نئی راہ ہموار
سی پی اے کانفرنس پاکستان کے پارلیمانی تشخص اور عالمی پارلیمانی تعاون کو فروغ دینے کا سنہری موقع ہے۔سی پی اے کانفرنس نہ صرف پنجاب بلکہ پورے پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔سپیکر ملک محمد احمد خان
(سید عاطف ندیم-پاکستان): پنجاب اسمبلی تاریخ میں پہلی بار دولت مشترکہ کی پارلیمانی تنظیم (سی پی اے) کی ایشیا اور جنوب مشرقی ایشیا کی ریجنل کانفرنس کی میزبانی کرنے جا رہی ہے، جو 6 سے 8 فروری 2025 تک لاہور میں منعقد ہوگی۔ اس بین الاقوامی ایونٹ میں 20 ممالک کی 100 سے زائد پارلیمانی شخصیات شرکت کریں گی، جن میں 13سپیکرز، 4 ڈپٹی سپیکرز اور ایک چیئرمین شامل ہوں گے۔سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کانفرنس کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے اسمبلی کا خصوصی دورہ کیا اور انتظامات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ یہ کانفرنس عالمی پارلیمانی تعاون کو فروغ دینے کا سنہری موقع ہے اور پاکستان کے پارلیمانی تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر کرے گی۔پنجاب اسمبلی کے تاریخی ایوان میں منعقد ہونے والی اس کانفرنس کے ایجنڈے میں پارلیمانی جمہوریت، شفاف قانون سازی اور احتساب کے موضوعات شامل ہوں گے۔ دولت مشترکہ کی پارلیمانی تنظیم، جو 1911 میں قائم ہوئی تھی، کے تحت 56 ممالک کی 180 پارلیمان اس کے رکن ہیں، جبکہ پنجاب اسمبلی 1954 سے اس تنظیم کا حصہ ہے۔سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے مزید کہا کہ یہ کانفرنس پنجاب کی پارلیمانی روایات اور اقدار کو نمایاں کرنے کا بہترین موقع ہے۔ غیر ملکی مندوبین کو بہترین سفارتی ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ اس حوالے سے پنجاب اسمبلی میں فول پروف سیکیورٹی پلان تیار کرلیا گیا ہے اور تمام متعلقہ ادارے متحرک ہیں۔اس کانفرنس میں سری لنکا، مالدیپ، برطانیہ، زیمبیا، ملائیشیا اور دیگر ممالک کے مندوبین شرکت کریں گے۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے ہدایت دی کہ کانفرنس کے ہر پہلو پر گہری نظر رکھی جائے اور بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ یہ تاریخی لمحہ یادگار بنے۔لاہور، جو پاکستان کا ثقافتی مرکز ہے، اس تاریخی ایونٹ کی میزبانی کرے گا، جس سے پاکستان کے عالمی پارلیمانی برادری سے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔