
پنجاب گورنمنٹ مارخور نے حالیہ پاک بھارت جنگ میں دشمن کے گھر میں گھس کرجواب دیا: مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ مارخور نے حالیہ پاک بھارت جنگ میں دشمن کے گھر میں گھس کر جواب دیا ہے۔
(سید عاطف ندیم-پاکستان): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مارخور کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج ہم فخر سے پاکستان کے قومی جانور مارخور کا دوسرا عالمی دن منا رہے ہیں،مارخور ہماری سکیورٹی ایجنسی آئی ایس آئی کا نشان بھی ہے، مارخور نے حالیہ پاک بھارت جنگ میں دشمن کے گھر میں گھس کرجواب دیا۔
مریم نوازشریف نے کہا کہ مارخور کے نشان والی ایجنسی آئی ایس آئی کا شمار دنیا کی بہترین سکیورٹی ایجنسیوں میں ہوتا ہے،اس دن کو عالمی سطح پر منانے کا مقصد مارخور اورجنگلی حیات کا تحفظ ہے، مارخور پاکستان میں چترال، گلگت بلتستان، کوہستان اور ہنزہ کے علاقوں میں پایا جاتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ مار خور کو ایک عظیم الشان جانور تصور کیا جاتا ہے جو پاکستان کے بھرپور قدرتی ورثے کی علامت ہے، مارخور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے کے لئے ہمارے عزم کی نمائندگی کرتا ہے۔
انہوں نے مارخور کے اس عالمی دن پر عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کریں، ہم سب عہد کرتے ہیں کہ نہ صرف مارخور بلکہ ان تمام انواع کے تحفظ کے لئے مل کر کام کریں گے۔