پاکستان پریس ریلیز

لاہور: عالمی دن برائے انسداد نفرت انگیز تقاریر — وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا امن، برداشت اور انسانیت کا پیغام

عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ آزادی اظہار کے نام پر نفرت پھیلانے والوں کا کڑا محاسبہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ "آزادی اظہار ایک بنیادی انسانی حق ضرور ہے

لاہور (نمائندہ خصوصی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نفرت انگیز تقاریر کے انسداد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں ایک مضبوط اور بامعنی مؤقف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ "نفرت، تعصب اور تنگ نظری کو ہر محاذ پر شکست دینی ہے۔” انہوں نے واضح کیا کہ نفرت انگیز تقاریر نہ صرف معاشرتی ہم آہنگی کو نقصان پہنچاتی ہیں بلکہ انسانیت کے ضمیر پر بھی کاری ضرب لگاتی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ نفرت آمیز بیانیہ معاشرے کو تقسیم، انتشار اور تشدد کی راہ پر گامزن کرتا ہے۔ ایسے بیانات صرف کسی ایک فرد یا گروہ کو متاثر نہیں کرتے بلکہ پوری انسانی برادری کو منفی اثرات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ "یہ زہر آہستہ آہستہ معاشرتی ڈھانچے کو کھوکھلا کر دیتا ہے، اور اس کا تدارک وقت کی اہم ترین ضرورت بن چکا ہے،” انہوں نے کہا۔
عالمی برادری سے مشترکہ اقدام کی اپیل
اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ آزادی اظہار کے نام پر نفرت پھیلانے والوں کا کڑا محاسبہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ "آزادی اظہار ایک بنیادی انسانی حق ضرور ہے، لیکن اس کی آڑ میں نفرت پھیلانا کسی طور بھی قابل قبول نہیں۔ عالمی سطح پر ایسے عناصر کے خلاف سخت اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جو مذہب، نسل، زبان یا قومیت کی بنیاد پر نفرت کو ہوا دیتے ہیں۔”
پنجاب میں رواداری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح
وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پنجاب حکومت کسی بھی فرد یا گروہ کو نفرت کے بیج بونے کی اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت کا نصب العین ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جہاں محبت، برداشت، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ ملے۔
"ہماری ترجیح ہے کہ عوام کو باہمی احترام کے اصولوں پر استوار معاشرتی ماحول فراہم کیا جائے جہاں اختلافِ رائے کو دشمنی میں نہ بدلا جائے،” مریم نواز نے مزید کہا۔
تعلیمی اداروں، میڈیا اور سوشل پلیٹ فارمز کا کردار
مریم نواز شریف نے تعلیمی اداروں، میڈیا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں نفرت کے خلاف ایک مؤثر دفاعی لائن کے طور پر کام کرنا ہوگا۔ "ہمارے طلباء، اساتذہ، دانشور، صحافی اور سوشل میڈیا کے صارفین معاشرتی شعور اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ایسی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے جن سے نوجوان نسل کو تعصب، نفرت اور شدت پسندی سے دور رکھا جا سکے اور انہیں علم، تحقیق اور انسان دوستی کی راہوں پر گامزن کیا جا سکے۔
نفرت انگیز تقاریر کے انسداد کے عالمی دن پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا پیغام نہ صرف وقت کی آواز ہے بلکہ ایک ایسی قیادت کی عکاسی کرتا ہے جو معاشرتی اتحاد، بین المذاہب ہم آہنگی اور عالمی امن کے فروغ کے لیے سنجیدہ اور پرعزم ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button