
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔
سرکاری ٹی وی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے مسعود پزشکیان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور او آئی سی سمیت تمام اہم فورمز پر ایرانی موقف کی حمایت کی۔‘
وزیراعظم نے اپنی گفتگو میں مزید کہا کہ ’پاکستان مشرق وسطیٰ میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔‘
انہوں نے تمام فریقوں سے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کی پاسداری، مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے امن کی بحالی کی اہمیت پر زور دیا۔
صدر پزشکیان نے حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کی مستقل اور اصولی حمایت پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے تنازعے کے پُرامن حل کو فروغ دینے میں پاکستان کے تعمیری کردار کا بھی اعتراف کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اِس مشکل وقت میں اُمت کے درمیان اتحاد کی اہمیت اور آپس میں رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔