پاکستاناہم خبریں

ثناء یوسف اور سردار فہیم قتل سمیت 15 ہائی پروفائل کیسز حل، وزیر داخلہ کی اسلام آباد پولیس کو شاباش

انہوں نے کہا کہ اتنی کم مدت میں اتنے اہم مقدمات کا حل پولیس کی سنجیدگی، مستعدی اور جذبۂ خدمت کا منہ بولتا ثبوت ہے

اسلام آباد : اسلام آباد پولیس نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے ثنا ءیوسف اور تجزیہ نگار سردار فہیم کے قتل سمیت 15 ہائی پروفائل کیسز کو ریکارڈ مدت میں ٹریس کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ اس کامیابی پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پولیس ٹیم سے ملاقات کی اور ان کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ”اسلام آباد پولیس کی کارکردگی پر ہمیں فخر ہے۔ پولیس نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت، جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر سرویلنس کے ذریعے نہ صرف اندھے قتل کیسز کو حل کیا بلکہ قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا۔”
محسن نقوی نے سردار فہیم قتل کیس کی خاص طور پر تعریف کی، جسے جدید تکنیکی ذرائع سے حل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اتنی کم مدت میں اتنے اہم مقدمات کا حل پولیس کی سنجیدگی، مستعدی اور جذبۂ خدمت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
وزیر داخلہ نے آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی، ڈی آئی جی جواد طارق اور پوری انویسٹی گیشن ٹیم کو خصوصی داد دی اور امید ظاہر کی کہ یہ ٹیم آئندہ بھی اسی جانفشانی سے شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کرتی رہے گی۔
آئی جی اسلام آباد نے اس موقع پر انوسٹی گیشن ٹیم کے کانسٹیبل رانا وسیم کی 21 سالہ خدمات اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی خصوصی تعریف کی۔ جس پر وزیر داخلہ نے قواعد و ضوابط کے تحت رانا وسیم کو ترقی دینے کی ہدایت بھی جاری کی۔
وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا، چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button