پاکستان پریس ریلیزاہم خبریں

عید میلاد النبی ﷺ کے پرمسرت موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا امتِ مسلمہ کے نام خصوصی پیغام

"سلام اُن پر جو رحمت اللعالمین ہیں، سلام اُن پر جو وجہ تخلیقِ کائنات ہیں، سلام اُن پر جو فخرِ موجودات ہیں" — وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور (نمائندہ خصوصی)
عید میلاد النبی ﷺ کے مقدس و پرنور موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف نے امتِ مسلمہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے اور حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی تعلیمات پر عمل کو کامیاب، پُرامن اور فلاحی معاشرے کی ضمانت قرار دیا ہے۔

اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ نے حضور اکرم ﷺ کی شانِ اقدس کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے فرمایا:
"سلام اُن پر جو رحمت اللعالمین ہیں، سلام اُن پر جو وجہِ تخلیقِ کائنات ہیں، اور سلام اُن پر جو فخرِ موجودات ہیں۔”

انہوں نے کہا کہ
"عید میلاد النبی ﷺ پوری امت مسلمہ کے لیے خوشی، رحمت اور برکت کا پیغام ہے۔ نبی کریم ﷺ کی دنیا میں تشریف آوری نہ صرف عربوں بلکہ پوری انسانیت کے لیے سعادت اور نجات کا ذریعہ بنی۔”

"نبی کریم ﷺ کی تعلیمات انسانیت کے لیے چراغِ راہ ہیں”

مریم نواز شریف نے کہا کہ نبی آخر الزمان ﷺ کی تعلیمات نے بنی نوع انسان کو ظلمتوں سے نکال کر روشنی کی طرف گامزن کیا۔
"آپ ﷺ نے ہمیں امن، بھائی چارے، مساوات، عفو و درگزر، اور عدل و انصاف کا عظیم پیغام دیا۔ آپ ﷺ کی سیرتِ طیبہ ایک ایسا کامل نمونہ ہے جس کی پیروی ہر انسان کے لیے لازم ہے۔”

انہوں نے کہا کہ حضور ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرکے ہی ہم اپنے انفرادی اور اجتماعی مسائل کا حل تلاش کر سکتے ہیں۔

"اختلافات کو ختم کر کے مفاہمت کی راہ اپنانا نبی کریم ﷺ کی محبت کا تقاضا ہے”

وزیراعلیٰ نے معاشرتی ہم آہنگی اور اتحادِ امت پر زور دیتے ہوئے کہا:
"حضور ﷺ کی تعلیمات ہمیں سکھاتی ہیں کہ ہم اپنے اختلافات کو برداشت، افہام و تفہیم، اور مفاہمت کے ذریعے حل کریں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ
"اگر ہم نبی کریم ﷺ کی سیرت کو اپنی ذاتی اور قومی زندگی میں اپنائیں، تو ظلم، زیادتی، ناانصافی اور بدامنی کا مکمل خاتمہ ممکن ہے۔”

"سیرتِ طیبہ ﷺ ہی ریاست اور سیاست کی کامیابی کا راستہ ہے”

مریم نواز شریف نے کہا کہ
"نبی کریم ﷺ کی زندگی قرآنِ حکیم کی عملی تفسیر ہے۔ ریاست و سیاست کی کامیابی اور بقاء اسی میں ہے کہ ہم سیرتِ طیبہ ﷺ کو اپنے نظام کا حصہ بنائیں۔”
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبہ پنجاب میں حکمرانی کو سیرتِ نبوی ﷺ کے اصولوں پر استوار کیا جائے گا، تاکہ عوام کی خدمت، انصاف، مساوات اور امن کو یقینی بنایا جا سکے۔

عزمِ نو: سیرتِ رسول ﷺ پر عمل ہی ہماری نجات ہے

وزیراعلیٰ نے آخر میں کہا کہ
"لازم ہے کہ ہم اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی کو اسوۂ حسنہ کے مطابق ڈھالیں۔ یہی نبی اکرم ﷺ سے سچی محبت کا تقاضا ہے، اور یہی دنیا و آخرت کی کامیابی کی واحد ضمانت ہے۔”

انہوں نے دعا کی کہ یہ مبارک دن تمام عالمِ اسلام کے لیے رحمت، برکت، اتحاد اور امن کا پیغام بنے، اور ہم سب کو نبی کریم ﷺ کے اسوۂ حسنہ پر عمل کی توفیق عطا ہو۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button