پاکستاناہم خبریں

چین کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان کی دو خصوصی پروازیں پاکستان پہنچ گئیں

300 خیمے اور 9 ہزار کمبل نور خان ایئربیس پر منتقل، وفاقی وزیر امیر مقام اور چیئرمین این ڈی ایم اے نے خیر مقدم کیا

سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز کے ساتھ:
چین کی حکومت کی جانب سے پاکستان کے حالیہ سیلاب متاثرین کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی سامان پر مشتمل دو خصوصی پروازیں نور خان ایئر بیس، راولپنڈی پہنچ گئیں۔ ان پروازوں کے ذریعے 300 خیمے اور 9 ہزار کمبل چین سے پاکستان منتقل کیے گئے تاکہ متاثرہ علاقوں میں فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

نور خان ایئر بیس پر امدادی پروازوں کا استقبال وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی انجینئر امیر مقام، چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک اور پاکستان میں تعینات چین کے سفیر نے مشترکہ طور پر کیا۔ اس موقع پر اعلیٰ حکام، این ڈی ایم اے کے افسران، اور چینی سفارتخانے کے نمائندگان بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر امیر مقام نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین کی بروقت اور فوری امداد دونوں ممالک کے درمیان لازوال، آزمودہ اور وقت کی کسوٹی پر پوری اترنے والی دوستی کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، خواہ وہ قدرتی آفات ہوں، مالی بحران یا عالمی سطح پر حمایت درکار ہو، چین ہمیشہ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے۔
امیر مقام نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی واضح ہدایات کے تحت وفاقی حکومت، این ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ ادارے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے دن رات سرگرم ہیں، اور ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری اور مؤثر ریلیف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے اس موقع پر چینی حکومت، عوام اور سفیر کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان ان کی اس نیک نیتی اور انسانی ہمدردی پر مبنی جذبے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے بھی اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ این ڈی ایم اے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو منظم اور مربوط انداز میں جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین سے موصول ہونے والا امدادی سامان فوری طور پر ان علاقوں میں روانہ کیا جائے گا جہاں سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے قدرتی آفات کے دوران بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتی ہے تاکہ کسی بھی چیلنج سے موثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

پاکستان میں تعینات چین کے سفیر نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی پہاڑوں سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے میٹھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا، خاص طور پر ایسے نازک لمحات میں جب انسانی جانیں متاثر ہو رہی ہوں اور لاکھوں افراد کو مدد کی ضرورت ہو۔ انہوں نے کہا کہ یہ امدادی پروازیں دونوں ممالک کے درمیان مضبوط سفارتی، انسانی اور جذباتی تعلقات کی عملی مثال ہیں۔
یاد رہے کہ حالیہ مون سون بارشوں کے باعث پاکستان کے مختلف علاقوں میں شدید سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ہے، جس سے نہ صرف قیمتی انسانی جانوں کا نقصان ہوا ہے بلکہ ہزاروں افراد بے گھر بھی ہو چکے ہیں۔ حکومتِ پاکستان قومی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے متاثرہ خاندانوں کی بحالی کے لیے کوشاں ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button