پاکستان پریس ریلیز

پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کے زیر اہتمام موزہ جوسہ، تحصیل پیر محل میں آگاہی سیمینار اور مفت اسکریننگ کیمپ کا انعقاد

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور سیکرٹری صحت و آبادی نادیہ ثاقب کی ہدایات کی روشنی میں صحت عامہ کی بہتری کے لیے اہم اقدام

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نمائندہ خصوصی) — وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز صاحبہ اور سیکرٹری محکمہ صحت و آبادی پنجاب محترمہ نادیہ ثاقب کی ہدایات کی روشنی میں پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کے تحت موزہ جوسہ، تحصیل پیر محل، ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ایک اہم آگاہی سیمینار اور مفت اسکریننگ کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس کا مقصد عوام کو ایچ آئی وی/ایڈز، ہیپاٹائٹس بی، ہیپاٹائٹس سی اور سفلس جیسے مہلک امراض سے متعلق شعور فراہم کرنا اور ان کی بروقت تشخیص کے ذریعے صحت مند معاشرے کی بنیاد رکھنا تھا۔

اس سیمینار میں پراجیکٹ ڈائریکٹر پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام ڈاکٹر سمیرا اشرف نے خصوصی شرکت کی اور شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صحت و صفائی کی اہمیت، متعدی امراض سے بچاؤ، ان کی علامات، بروقت علاج اور احتیاطی تدابیر پر مفصل روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں ان بیماریوں کے خلاف مؤثر آگاہی مہم وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ہم ان کے پھیلاؤ کو روک کر ایک صحت مند اور محفوظ پنجاب کی جانب گامزن ہو سکیں۔
ڈاکٹر سمیرا اشرف نے موقع پر موجود اسکریننگ ٹیموں کا جائزہ لیا، ان کی کارکردگی کو سراہا اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ایسے کیمپس میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کا کردار قابلِ تعریف ہے جن کی محنت اور لگن سے ہی عوام کو بروقت تشخیص اور علاج کی سہولیات میسر آتی ہیں۔
کیمپ میں مقامی افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور عوام کی جانب سے شاندار ردعمل دیکھنے میں آیا۔ شرکاء نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پنجاب کا یہ اقدام قابلِ تحسین ہے جس کے ذریعے دور دراز علاقوں میں رہنے والے افراد بھی صحت کی جدید سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں۔
اس موقع پر ایچ آئی وی، ہیپاٹائٹس بی، ہیپاٹائٹس سی اور سفلس کے مفت ٹیسٹ فراہم کیے گئے، اور ماہرین نے مریضوں کو ان امراض کی روک تھام، علاج اور حکومتِ پنجاب کی جانب سے مفت ادویات کی فراہمی سے متعلق مکمل معلومات فراہم کیں۔ کیمپ میں مریضوں کی کاؤنسلنگ کا بھی بندوبست کیا گیا تھا تاکہ ان بیماریوں سے متعلق خوف، غلط فہمیوں اور سوشل اسٹیگما کا خاتمہ کیا جا سکے۔
سیمینار کے مہمانِ خصوصی سیکرٹری زراعت پنجاب جناب افتخار علی سہو تھے، جنہوں نے پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام صحتِ عامہ کے فروغ کے لیے ایک اہم ستون بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پنجاب، وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں صحت کے شعبے میں اصلاحات اور عوامی فلاح کے منصوبوں پر تیز رفتاری سے عمل پیرا ہے، جس کے مثبت اثرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔
افتخار علی سہو نے کہا کہ پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کی جانب سے اسکریننگ کیمپس اور آگاہی سیمینارز کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے تاکہ ہر شہری کو بنیادی صحت کی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جا سکیں۔
اختتام پر تمام معزز مہمانوں، ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور عوام کا شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے اس اہم قومی خدمت میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button