پاکستان پریس ریلیزاہم خبریں

پنجاب اسمبلی کا کردار عالمی سطح پر مزید مستحکم — اسپیکر ملک محمد احمد خاں کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایسوسی ایشن ایشیا ریجنل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن منتخب

اس انتخاب کے نتیجے میں ملک محمد احمد خاں آئندہ تین سی پی اے کانفرنسز (2025 تا 2028) کے لیے ایشیا ریجنل ایگزیکٹو کمیٹی کے فعال رکن کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے

سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز پنجاب اسمبلی پاکستان کے ساتھ:

بارباڈوس: پنجاب اسمبلی نے ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر اپنا پارلیمانی کردار مزید مستحکم کر لیا ہے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں کو کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایسوسی ایشن (CPA) کی ایشیا ریجنل ایگزیکٹو کمیٹی کا رکن منتخب کر لیا گیا ہے۔ ان کا انتخاب 68ویں کامن ویلتھ پارلیمنٹری کانفرنس کے دوران بارباڈوس میں عمل میں آیا، جو کہ پاکستان اور پنجاب کے لیے ایک اعزاز کی حیثیت رکھتا ہے۔

اس انتخاب کے نتیجے میں ملک محمد احمد خاں آئندہ تین سی پی اے کانفرنسز (2025 تا 2028) کے لیے ایشیا ریجنل ایگزیکٹو کمیٹی کے فعال رکن کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔ اس اہم کامیابی کو ماہرین نے پارلیمانی سفارت کاری کے فروغ، جمہوری روابط کے استحکام اور پاکستان کی بین الاقوامی امیج کی بہتری کے تناظر میں اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی کی اہم ملاقاتیں

68ویں کامن ویلتھ پارلیمنٹری کانفرنس کے دوران اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل اسٹیفن ٹوِگ سے خصوصی ملاقات کی، جس میں دوطرفہ پارلیمانی تعاون، جمہوری تعلقات کے فروغ، قانون سازی کے تبادلۂ خیال اور رکن ممالک کے درمیان پارلیمانی مکالمے پر بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے باہمی پارلیمانی روابط کو مزید فعال بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

بارباڈوس پارلیمنٹ کا دورہ اور وفود سے ملاقاتیں

اسپیکر ملک محمد احمد خاں نے پاکستانی وفد کے ہمراہ بارباڈوس پارلیمنٹ کا بھی دورہ کیا، جہاں ان کی ملاقات بارباڈوس کے اسپیکر اور ارکانِ پارلیمنٹ سے ہوئی۔ ان ملاقاتوں میں پارلیمانی عمل، قانون سازی کے تجربات، ادارہ جاتی تربیت، اور علاقائی سطح پر قانون ساز اداروں کے درمیان روابط بڑھانے پر گفتگو کی گئی۔

اس کے علاوہ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے ایشیا اور ساؤتھ ایسٹ ایشیا کے پارلیمانی وفود سے بھی دوطرفہ ملاقاتیں کیں، جن میں علاقائی تعاون، باہمی سیکھنے کے مواقع، اور قانون سازی میں اشتراک جیسے موضوعات زیرِ بحث آئے۔

سی پی اے ایشیا ریجنل ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس میں فعال شرکت

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے سی پی اے ایشیا ریجنل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں بھرپور اور فعال شرکت کی، جہاں خطے کے دیگر پارلیمانی رہنماؤں سے اہم امور پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس کے دوران پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا گیا اور اسپیکر ملک محمد احمد خاں کی شمولیت کو خطے میں پارلیمانی تعاون کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا گیا۔

پاکستانی وفد کی نمائندگی

اس اہم بین الاقوامی کانفرنس میں اسپیکر کے ہمراہ پاکستان کا پارلیمانی وفد بھی موجود تھا، جس میں:

  • ایم پی اے ملک احمد سعید خاں

  • ایم پی اے سید علی حیدر گیلانی

  • ایم پی اے سارہ احمد

  • سیکرٹری جنرل پنجاب اسمبلی چودھری عامر حبیب

  • ایڈیشنل سیکرٹری قانون سازی علی حسنین بھلی

  • ایڈوائزر برائے اسپیکر پنجاب اسمبلی اسامہ خاور

شامل تھے۔

وفد نے مختلف اجلاسوں اور سیشنز میں شرکت کی، جن میں جمہوری اقدار، شفاف طرزِ حکومت، نوجوانوں کی سیاسی شمولیت، اور صنفی مساوات جیسے اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان کے لیے ایک اعزاز، پنجاب کی پارلیمانی قیادت کا اعتراف

ملک محمد احمد خاں کی انتخابی کامیابی نہ صرف پنجاب اسمبلی کی مؤثر قیادت کا بین الاقوامی اعتراف ہے بلکہ یہ پاکستان کے جمہوری تشخص اور قومی پارلیمانی اداروں کی فعالیت کی بھی غمازی کرتا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق، اس انتخاب سے پاکستان کی پارلیمانی سفارت کاری کو نئی تقویت ملے گی اور خطے میں اس کا پارلیمانی اثرورسوخ بڑھنے کے امکانات روشن ہوں گے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button