بین الاقوامیاہم خبریں

سانائے تاکائچی جاپان کی پہلی خاتون وزیرِاعظم منتخب

اب ان کی پہلی بڑی آزمائش 27 اکتوبر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورۂ جاپان کی صورت میں سامنے آئے گی۔

جاوید اختر روئٹرز، اے پی، اے ایف پی کے ساتھ

پارلیمنٹ کے ایوانِ بالا اور ایوانِ زیریں نے 64 سالہ سانائے تاکائچی کو جاپان کی پہلی خاتون وزیرِاعظم منتخب کر لیا ہے۔ ان کی تقرری کی حتمی منظوری آج شہنشاہ ناروہیتو سے ملاقات کے بعد متوقع ہے۔

اب ان کی پہلی بڑی آزمائش 27 اکتوبر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورۂ جاپان کی صورت میں سامنے آئے گی۔

تاکائچی پچھلے پانچ برسوں میں جاپان کی پانچویں وزیرِاعظم ہیں۔ ان کی لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (ایل ڈی پی) جو پچھلے کئی دہائیوں سے مسلسل حکومت میں ہے، حالیہ عرصے میں اپنی عوامی حمایت کھو رہی ہے۔

چھ اکتوبر کو پارٹی کی قیادت سنبھالنے کے فوراً بعد، ان کو پہلا بڑا دھچکا اس وقت لگا جب کومیٹو پارٹی نے ان کے قدامت پسند نظریات اور ان کی پارٹی کے مالیاتی اسکینڈل پر اتحاد ختم کر دیا۔

اس کے بعد تاکائچی نے دائیں بازو کی جاپان انوویشن پارٹی (جے آئی پی) کے ساتھ اتحاد کیا، جس کا معاہدہ پیر کے روز طے پایا۔

جے آئی پی خوراک پر سیلز ٹیکس کو صفر کرنے، سیاسی جماعتوں کو کارپوریٹ اور تنظیمی عطیات پر پابندی لگانے، اور ارکانِ پارلیمنٹ کی تعداد کم کرنا پر زور دے رہی ہے ۔

سانائے تاکائچی
اگرچہ تاکائچی کی تقرری تاریخی واقعہ ہے، لیکن ان کے سیاسی نظریات جاپان کی کئی خواتین کے لیے باعثِ تشویش ہیںتصویر: Yuichi Yamazaki/AFP/AP Photo/dpa/picture alliance

خواتین نئی حکومت کا اہم حصہ ہوں گی

تاکائچی نے وعدہ کیا ہے کہ وہ ایک ایسی حکومت تشکیل دیں گی جس میں "نارڈک ممالک” کی طرز پر خواتین کی نمائندگی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ جاپان کی معیشت کو مضبوط بنائیں گی اور ملک کو آئندہ نسلوں کے لیے قابلِ فخر بنائیں گی۔

ایک سابق ہیوی میٹل ڈرمر ہونے کے ناطے، انہوں نے خواتین کی صحت سے متعلق مسائل پر شعور اجاگر کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ جاپان ایک مردانہ غلبے والا معاشرہ ہے، اور ورلڈ اکنامک فورم کی 2025 کی رپورٹ میں صنفی مساوات کے لحاظ سے 148 ممالک میں سے 118ویں نمبر پر ہے، جہاں ایوانِ زیریں میں صرف 15 فیصد ارکان خواتین ہیں۔

سانائے تاکائچی
تاکائچی نے وعدہ کیا ہے کہ وہ جاپان کی معیشت کو مضبوط بنائیں گی اور ملک کو آئندہ نسلوں کے لیے قابلِ فخر بنائیں گیتصویر: Kaname Yoneyama/AP Photo/picture alliance

قدامت پسند نظریات پر خدشات

اگرچہ تاکائچی کی تقرری تاریخی واقعہ ہے، لیکن ان کے سیاسی نظریات جاپان کی کئی خواتین کے لیے باعثِ تشویش ہیں۔ وہ 19ویں صدی کے اس قانون میں ترمیم کی مخالف ہیں جس کے تحت شادی شدہ جوڑوں کو ایک ہی خاندانی نام رکھنا لازمی ہے، حالانکہ جاپان میں اس قانون کی مخالفت عام ہے۔

اسی طرح، وہ شاہی خاندان میں صرف مردانہ جانشینی کی حامی ہیں اور ہم جنس شادی کی بھی مخالف ہیں، جو کئی ووٹرز کے لیے تشویش کا باعث ہے۔

تاکائچی نے کئی بار سابق برطانوی وزیرِاعظم مارگریٹ تھیچر کو اپنی مشعل راہ قرار دیا ہے، اگرچہ وہ مالیاتی وسعت اور آسان مانیٹری پالیسیوں کی حامی ہیں، جو تھیچر کی پالیسیوں کے برعکس ہیں۔

ایل ڈی پی چونکہ دونوں ایوانوں میں اقلیت میں ہے، اس لیے نئی حکومت کو قانون سازی کے لیے دیگر جماعتوں کی حمایت درکار ہو گی۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button