انجلینا جولی کا رفح کراسنگ کا دورہ ، فلسطینی زخمیوں اور امدادی کارکنوں سے ملاقات
مقامی میڈیا کے مطابق اس دورے کا مقصد مصر میں زیر علاج زخمی فلسطینیوں سے ملاقات کرنا اور غزہ میں امداد کی ترسیل کا جائزہ لینا تھا۔ جولی نے قریبی شہر العریش کے ایک ہسپتال میں بھی مریضوں سے بات چیت کی۔
مصر:ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ انجلینا جولی نے امریکی وفد کے ہمراہ رفح کراسنگ کے مصری حصے کا دورہ کیا۔ حکام نے انجلینا جولی اور اقوام متحدہ کی مہاجرین ایجنسی کی سابق خصوصی مندوب کا استقبال کیا، جہاں انہوں نے انسانی ہمدردی کے کارکنوں اور رضاکاروں سے ملاقات کی۔
مقامی میڈیا کے مطابق اس دورے کا مقصد مصر میں زیر علاج زخمی فلسطینیوں سے ملاقات کرنا اور غزہ میں امداد کی ترسیل کا جائزہ لینا تھا۔ جولی نے قریبی شہر العریش کے ایک ہسپتال میں بھی مریضوں سے بات چیت کی۔
رفح میں اداکارہ نے انسانی امداد کی تنظیم ریڈ کریسنٹ کے ارکان اور غزہ میں امداد پہنچانے والے ٹرک ڈرائیوروں سے ملاقات کی، اور کہا کہ وہ ان رضاکاروں سے مل کر فخر محسوس کر رہی ہیں۔
یاد رہے کہ رفح بارڈر کراسنگ کو اکتوبر سے غزہ میں نافذ العمل جنگ بندی کے تحت دوبارہ کھولا جانا تھا، لیکن اب تک یہ بند ہے۔ مصر اور سعودی عرب سمیت چھ ممالک نے ایک مشترکہ بیان میں عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل پر دباؤ ڈالے تاکہ غزہ میں ضروری سامان کی فراہمی اور تقسیم پر عائد پابندیاں فوری طور پر ختم کی جائیں۔