
پنجاب میں ڈیجیٹل ترقی کے نئے باب کا آغاز، سینئر ایڈوائزر سینیٹر انوشہ رحمان سے امریکی قونصل جنرل کی ملاقات
اسی مشن کے تحت پنجاب آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، جو صوبے کی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال پر مبنی قانون سازی کر رہا ہے
سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز کے ساتھ
لاہور: پنجاب میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، آئی ٹی اور معاشی ترقی کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب سینئر ایڈوائزر ٹو چیف منسٹر پنجاب سینیٹر انوشہ رحمان سے امریکی قونصل جنرل سٹیٹسن سینڈرس نے اپنے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈیجیٹل ترقی، آئی ٹی سرمایہ کاری اور نوجوانوں کے لیے ٹیکنالوجی پر مبنی روزگار کے مواقع بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
امریکی قونصل جنرل کے وفد میں سیاسی و اقتصادی امور کے سربراہ ولیم کیمبل، ماہر سیاسی و اقتصادی امور صدف سعد، سینئر کمرشل اسپیشلسٹ حسن رضا اور ماہر معاشیات آمنہ انیس شامل تھیں۔ اس موقع پر سی او سی بی ڈی عمران امین اور سیکرٹری آئی ٹی اینڈ آئی ڈیپارٹمنٹ ظہیر حسن بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران امریکی وفد کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مختلف ادوار میں شروع کیے گئے نمایاں ڈیجیٹل منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں آئی سی ٹی فار گرلز، نیشنل انکیوبیشن سینٹرز، ڈیجیٹل اسکلز پروگرامز، تھری جی اور فور جی اسپیکٹرم کی فراہمی اور پاکستان کے دور دراز علاقوں تک انٹرنیٹ کی رسائی جیسے تاریخی اقدامات پر روشنی ڈالی گئی۔
سینیٹر انوشہ رحمان نے امریکی وفد کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ڈیجیٹل ویژن کے تحت جاری نواز شریف آئی ٹی سٹی لاہور منصوبے کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نوجوانوں کو جدید ترین ٹیکنالوجیز سے آراستہ کر کے انہیں باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کر رہی ہیں۔
سینئر ایڈوائزر نے بتایا کہ اسی مشن کے تحت پنجاب آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، جو صوبے کی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال پر مبنی قانون سازی کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محترمہ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب کے نوجوان آئی ٹی کے شعبے میں تیزی سے اپنا مقام بنا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں آئی ٹی اور جدید ٹیکنالوجیز کی تعلیم و تربیت اور اسکلز کے فروغ کے لیے انکیوبیشن سینٹرز اور سینٹرز آف ایکسیلنس قائم کیے جا رہے ہیں، تاکہ نوجوانوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ سینیٹر انوشہ رحمان کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب ٹیکنالوجی کے شعبے میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کو بھرپور انداز میں خوش آمدید کہہ رہی ہیں۔
سینیئر ایڈوائزر نے امریکی وفد کو آگاہ کیا کہ نواز شریف آئی ٹی سٹی لاہور کا حصہ بننے والی تمام کمپنیوں کو 10 سال کی انکم ٹیکس چھوٹ اور کسٹم ڈیوٹی میں خصوصی رعایت فراہم کی جا رہی ہے، تاکہ عالمی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے پرکشش ماحول فراہم کیا جا سکے۔
اس موقع پر سینیٹر انوشہ رحمان نے خواہش کا اظہار کیا کہ لاہور نواز شریف آئی ٹی سٹی اور کیلیفورنیا کی سلیکون ویلی کو آئی ٹی کے شعبے میں سسٹر سٹیز کا درجہ دیا جائے، جس سے ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور جدت کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ ملے گا۔
امریکی قونصل جنرل سٹیٹسن سینڈرس نے حکومتِ پنجاب کے جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے ڈیجیٹل منصوبے بالخصوص نواز شریف آئی ٹی سٹی انتہائی متاثر کن ہیں۔ انہوں نے ان منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ پنجاب میں عوام کے لیے آئی ٹی اور ٹیکنالوجی پر مبنی اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
امریکی قونصل جنرل نے لاہور نواز شریف آئی ٹی سٹی اور کیلیفورنیا کو آئی ٹی کے شعبے میں سسٹر سٹیز بنانے کی تجویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس سلسلے میں تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔



