وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ کہ بڑا آدمی انصاف نہیں این آر او چاہتا ہے اور چھوٹا کسان باہرپیسہ لے کر نہیں جائے گا کیونکہ لندن میں فلیٹ نہیں لے گا۔
وزیراعظم کسان پورٹل کے اجرا کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف نے انصاف کی تحریک چلائی، اللہ تعالیٰ کمزور اور محنت کش طبقے کی آواز خاص طور پر سنتا ہے، چھوٹا آدمی انصاف کی تلاش میں رہتا ہے۔
انہوں نے ایک بار پھر اپوزیشن رہنماؤں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ چھوٹا کسان باہر پیسہ لے کر نہیں جائے گا، لندن میں فلیٹ نہیں لے گا، بڑا آدمی انصاف نہیں این آر او چاہتا ہے، چھوٹا کسان قرضہ لینے جاتا ہے تو اسے بہت سود دینا پڑتا ہے، چھوٹا کسان سب سے زیادہ محنت کرتاہے اور مشکلات کا بھی سامنا کرتا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کسان شوگر ملوں کے باہر لائن میں کھڑے رہتے تھے، کسانوں کو گنے کی کم قیمت ملتی تھی، میں نے سوچا تھا جب میری باری آئے گی تو کسان کو پورا پیسہ دلاؤں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ 50سال بعدپاکستان میں بڑے ڈیمزبن رہے ہیں، دریاؤں میں پانی برسات اور گلیشیئر پگھلنے سے آتا ہے، پانی اسٹورکریں گے تو کسان کو پانی دے سکیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ روپے پر دباؤ عارضی ہے، ہم نے گندم، چینی، گھی امپورٹ کیا ہے، باہرسے اشیا منگوانے سے مہنگائی امپورٹ ہوتی ہے، کوشش کررہے ہیں تمام چیزیں ملک میں بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک میں زراعت کو شامل کردیا ہے، آبادی بڑھ رہی ہے اس لیے ہمیں پیداوار بھی بڑھانی ہے۔