پاکستاناہم خبریں

خصوصی اپ ڈیٹ: آپریشن “غضب للحق” میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائیاں، درجنوں دہشتگرد ہلاک

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق رات بھر جاری رہنے والی کارروائیوں میں خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں 40 دہشتگرد ہلاک کیے گئے

سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز کے ساتھ

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ملک کے مختلف سرحدی علاقوں میں جاری آپریشن “غضب للحق” کے تحت بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشتگردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی گئیں، جن میں متعدد حملوں کو ناکام بناتے ہوئے درجنوں عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

بلوچستان میں متعدد حملے ناکام

ذرائع کے مطابق شمالی بلوچستان میں دہشتگردوں نے اضلاع قلعہ سیف اللہ، نوشکی اور چمن میں مجموعی طور پر 16 مختلف مقامات پر جسمانی حملوں کی کوشش کی جبکہ 25 مقامات پر فائرنگ کے واقعات پیش آئے۔ سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے تمام حملوں کو پسپا کر دیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق کارروائیوں میں 27 دہشتگرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایف سی بلوچستان نارتھ کے ایک بہادر سپاہی نے مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا جبکہ 5 اہلکار زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔

خیبر پختونخوا میں بھی دراندازی کی کوشش ناکام

خیبر پختونخوا میں ایک مقام پر جسمانی حملے کی کوشش کی گئی جبکہ 12 مختلف مقامات پر فائرنگ کے واقعات رپورٹ ہوئے۔ سیکیورٹی فورسز نے فوری اور منظم ردعمل دیتے ہوئے تمام کارروائیوں کو بغیر کسی جانی نقصان کے ناکام بنا دیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق رات بھر جاری رہنے والی کارروائیوں میں خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں 40 دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔ علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے تاکہ ممکنہ طور پر چھپے ہوئے عناصر کو بھی گرفتار یا ہلاک کیا جا سکے۔

فالو اپ آپریشن جاری

حکام کے مطابق دونوں صوبوں میں فالو اپ آپریشن جاری ہے اور حساس تنصیبات، سرحدی چوکیاں اور اہم شاہراہوں کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ سیکیورٹی اداروں نے واضح کیا ہے کہ ملک کی سالمیت کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور اور فوری جواب دیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن “غضب للحق” کے تحت دہشتگردوں کے سہولت کاروں اور نیٹ ورکس کے خلاف بھی کارروائیاں کی جا رہی ہیں تاکہ مستقبل میں اس قسم کے حملوں کا مکمل سدباب کیا جا سکے۔

سیکیورٹی حکام نے کہا ہے کہ آپریشن کی تفصیلی اپ ڈیٹ آج دوپہر میں جاری کی جائے گی، جس میں نقصانات، گرفتار افراد اور مزید پیش رفت سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔

حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ تعاون جاری رکھیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button