
لاہور کے واہگہ ٹاؤن میں بے قابو مہنگائی،گرانفروشی اور پٹرول میں مبینہ ملاوٹ،قیمتوں میں ہوشربا اضافہ،ریگولیٹری نظام کی ناکامی بے نقاب
شہریوں کے مطابق جب وہ دکانداروں یا ریڑھی بانوں سے قیمتوں میں اضافے کی وجہ پوچھتے ہیں تو انہیں یہی جواب دیا جاتا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھ چکی ہیں
لاہور (خصوصی رپورٹ): پنجاب عوامی فورم کے چیئرمین ناصف اعوان نے واہگہ ٹاؤن میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور انتظامی غفلت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے میں دکانداروں نے اشیائے ضروریہ اور غیر ضروریہ کی قیمتیں من مانی طور پر بڑھا دی ہیں، جس کے باعث عام شہری شدید مشکلات کا شکار ہو چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق واہگہ ٹاؤن کے مختلف بازاروں میں پھل، سبزیاں، دالیں، گھی، مرچ مصالحہ جات اور روزمرہ استعمال کی دیگر اشیاء کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں یہ اضافہ کسی واضح حکومتی پالیسی یا سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق نہیں بلکہ دکاندار اپنی مرضی سے نرخ مقرر کر رہے ہیں۔ مقامی صارفین نے شکایت کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور تجاوزات کے خلاف قائم کردہ فورسز عملاً غیر فعال ہو چکی ہیں۔ ان فورسز کی عدم موجودگی یا کمزور کارکردگی کے باعث مصنوعی مہنگائی میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، جس کا سارا بوجھ عام آدمی پر پڑ رہا ہے۔ شہریوں کے مطابق جب وہ دکانداروں یا ریڑھی بانوں سے قیمتوں میں اضافے کی وجہ پوچھتے ہیں تو انہیں یہی جواب دیا جاتا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھ چکی ہیں، جس کی وجہ سے اشیاء کی ترسیل مہنگی ہو گئی ہے۔ تاہم عوام کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹ مالکان اس جواز کو استعمال کرتے ہوئے کرایوں میں غیر معمولی اور بعض اوقات سو فیصد تک اضافہ کر رہے ہیں، جو کسی طور بھی مناسب نہیں۔ مزید برآں، بعض شہری اور مضافاتی علاقوں میں قائم پٹرول پمپوں کے خلاف بھی سنگین شکایات سامنے آئی ہیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ کئی پٹرول پمپ مالکان نہ صرف کم پیمانے پر پٹرول فراہم کر رہے ہیں بلکہ اس میں ملاوٹ بھی کی جا رہی ہے، جو نہ صرف مالی نقصان کا باعث ہے بلکہ گاڑیوں کے انجن کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔ ناصف اعوان نے اپنے بیان میں کہا کہ اگرچہ پنجاب حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کر رہی ہے، تاہم نچلی سطح پر متعلقہ محکموں کی ناقص کارکردگی ان پالیسیوں کے اثرات کو زائل کر رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر سخت نوٹس لے اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں، مارکیٹ انسپکٹرز اور دیگر متعلقہ اداروں کو فعال بنائے تاکہ مہنگائی پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں غریب اور متوسط طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے، جن کی قوتِ خرید مسلسل کم ہو رہی ہے۔ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو معاشی دباؤ میں مزید اضافہ ہوگا اور عوامی بے چینی بڑھ سکتی ہے۔ عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مارکیٹوں میں سرکاری نرخناموں کی پابندی یقینی بنائی جائے، گرانفروشی اور ملاوٹ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، اور ٹرانسپورٹ کرایوں کو بھی مناسب سطح پر رکھا جائے تاکہ عام شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
عوام کی وزیر اعلی مریم نواز شریف اور ڈپٹی کمشنر لاہور سے رحم کی اپیل



