وزیر صنعت سندھ کاسائٹ کراچی کو سائٹ لمیٹڈ سے الگ کرنے کی زبیر موتی والا کی تجویز پر اجلاس بلانے کا اعلان
حکومت نجی شعبے کی شمولیت چاہتی ہے تاکہ صوبائی فنڈز پر انحصار کم ہو، جام اکرام اللہ دھاریجو کی صنعتکاروں کو تعاون کی یقین دہانی،زبیرموتی والا، سلیم پاریکھ، احمد ذوالفقار چوہدری کا سائٹ ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب میں صنعتی ترقی و معاشی استحکام پر زور
سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز
سندھ کے وزیر صنعت جام اکرام اللہ خان دھاریجو نے کراچی کی صنعتکار برادری کو بھرپور حکومتی تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے نجی شعبے کے کردار کو سراہا ہے اور شہر کے اہم صنعتی علاقوں میں انتظامی و مالی اصلاحات کا روڈ میپ پیش کیا ہے۔صوبائی وزیر صنعت نے سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کی جانب سے میٹ اینڈ گِریٹ تقریب میں ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ زبیر موتی والا اور سرپرست سائٹ ایسوسی ایشن سلیم پاریکھ کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے گل پلازہ، صدر کوآپریٹو مارکیٹ میں آتشزدگی کے واقعات میں سندھ حکومت کے ساتھ بروقت معاونت کو سراہا۔اسی نوعیت کے دیگر واقعات صدرکوآپریٹومارکیٹ، جوبلی اور بولٹن مارکیٹ میں آتشزدگی کے نتیجے میں شہر کی تجارتی و کاروباری برادری کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔
تقریب میں سرپرست اعلیٰ سائٹ ایسوسی ایشن زبیر موتی والا، سلیم پاریکھ، جاوید بلوانی، ریحان حنیف سمیت کے سی سی آئی کے عہدیداران اور سینئر رہنماؤں، ایف پی سی سی آئی کے قائدین، مختلف صنعتی ایسوسی ایشنز کے سرپرست اور عہدیداران، سابق صدور طارق یوسف، یونس بشیر، مجید عزیز، ناظم ایف حاجی، ارشد تنویر، ڈاکٹر ارشد وہرہ، انجینئر ایم اے جبار، جنید ماکڈا، سلیمان چاؤلہ، عبدالہادی، عبدالرشید، ریاض الدین، محمد کامران عربی، احمد عظیم علوی، کے ڈبلیو ایس سی کے سی او او اسداللہ خان، ایم ڈی سوئی سدرن گیس کمپنی محمد امین راجپوت، کے الیکٹرک سے اسمر نعیم اور نسیم جانی شیخ، سیکرٹری سائٹ لمیٹڈ محمد یونس ڈاہری اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین نے بھی شرکت کی۔
وزیر صنعت نے اعلان کیا کہ سائٹ کراچی کی علیحدگی کی دیرینہ تجویز پر غور کے لیے جلد ایک خصوصی اجلاس طلب کیا جائے گا۔انہوں نے کراچی کے صنعتی علاقوں کے انفراسٹرکچر کی ترقی کے لیے فنڈنگ کے معاملے پرکہا کہ حکومت نجی شعبے کی زیادہ سے زیادہ شمولیت چاہتی ہے تاکہ صوبائی فنڈز پر تمام تر انحصار نہ رہے۔انہوں نے واضح کیا کہ ڈی ایم سیز اور متعلقہ ٹریڈ ایسوسی ایشنز کو مزید فنڈز صرف اس وقت جاری کیے جائیں گے جب پہلے سے جاری کردہ فنڈز مقررہ مدت میں مکمل طور پر استعمال کرلیے جائیں گے۔
سائٹ ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ زبیر موتی والا نے اس موقع پر سندھ حکومت کو دعوت دی کہ وہ سائٹ لمیٹڈ سمیت سرکاری کاروبار میں بہتری لانے، برآمدات بڑھانے اور صنعتی پیداوار میں اضافے کے لیے تاجر برادری کے ساتھ مل کر کام کرے۔ انہوں نے سائٹ کراچی کو سائٹ لمیٹڈ سے الگ کر کے سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے حوالے کرنے کا مطالبہ دہرایا تاکہ اسے پیشہ ورانہ بنیادوں پر چلایا جا سکے اور سی ای او سمیت اعلیٰ عہدوں پر اہل و پیشہ ور افراد کا میرٹ پر تقرر ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ سائٹ لمیٹڈکو دیگر صنعتی زونز کے مسائل پر بھی توجہ دینی چاہیے جو انفراسٹرکچر اور سہولیات کی کمی کا شکار ہیں۔
سائٹ ایسوسی ایشن کے سرپرست سلیم پاریکھ نے تقریب میں شرکت پر معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ایسوسی ایشن کے سابق صدور اور صنعتی ٹاؤن ایسوسی ایشنز کے عہدیداران کی شرکت کو سراہتے ہوئے باقاعدہ مشاورتی اجلاسوں کے انعقاد کی تجویز دی۔ انہوں نے صنعتی علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے فنڈز کے اجرا پر وزیر صنعت سندھ کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔
قبل ازیں سائٹ ایسوسی ایشن کے قائم مقام صدر احمد ذوالفقار چوہدری نے معزز مہمانوں خیرمقدم کرتے ہوئے اراکین کی شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی موجودگی نے تقریب کو یادگار اور خوشگوار بنا دیا۔
نائب صدر طاہر گوریجا نے اختتامی کلمات میں شرکاء سے اظہار تشکر کرتے ہوئے متفقہ طور پر اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کو معاشی طور پر مزید مضبوط بنایا جائے گا، برآمدات میں اضافہ کر کے زیادہ زرمبادلہ کمایا جائے گا اور عوام کو روزگار فراہم کیا جائے گا۔
تقریب میں پاک فوج کی ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے بے لوث خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا اور گزشتہ سال بھارتی جارحیت کے خلاف بھرپور جواب کو بھی سراہا گیا جس سے قوم کے حوصلے بلندہوئے۔شرکاء نے پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی میں بھی بہتری پر اطمینان کا اظہار کیا۔ تقریب میں تاجر برادری کے رہنما مرحوم سراج قاسم تیلی کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا اور کاروباری طبقے کے لیے ان کی بے لوث خدمات کو یاد کیا گیا۔



