پاکستان پریس ریلیزتازہ ترین

متروکہ وقف املاک بورڈ کی آمدنی میں نمایاں اضافہ، مجموعی مالی اہداف مکمل نہ ہو سکے، سرگودھا آفس نے ریکوری میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی

اگرچہ مجموعی مالی اہداف مکمل طور پر حاصل نہیں کیے جا سکے، تاہم گزشتہ سال کے مقابلے میں مجموعی آمدنی میں ہونے والا اضافہ اس بات کا ثبوت ہے

ناصف اعوان-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز

متروکہ وقف املاک بورڈ (ETPB) رواں مالی سال 2025-26 کے دوران اپنے مجموعی مالی اہداف مکمل طور پر حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا، تاہم بورڈ کی مجموعی آمدنی میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جسے انتظامی اصلاحات، ریکوری مہم اور املاک کے مؤثر انتظام کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق مالی سال کے دوران مختلف زونز میں ریکوری کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، جس میں فیصل آباد زون کے تحت کام کرنے والے سرگودھا آفس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ ہدف سے بھی زیادہ ریکوری کی۔ سرگودھا آفس نے سو فیصد سے زائد ریکوری حاصل کر کے فیصل آباد زون میں پہلی پوزیشن اپنے نام کی، جسے بورڈ کی حالیہ تاریخ کی ایک اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سرگودھا اور خوشاب کے علاقوں میں ریکوری کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے فیلڈ اسٹاف نے مسلسل نگرانی، نادہندگان سے رابطے، قانونی کارروائی اور انتظامی اقدامات کے ذریعے بہترین نتائج حاصل کیے، جس کے باعث نہ صرف آمدنی میں اضافہ ہوا بلکہ سرکاری املاک کے تحفظ اور ان کے مؤثر استعمال کو بھی یقینی بنایا گیا۔

حکام کے مطابق وفاقی سیکرٹری برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی خصوصی ہدایات پر متروکہ وقف املاک کے تحفظ، غیر قانونی قبضوں کے خاتمے اور سرکاری آمدنی میں اضافے کے لیے ایک جامع حکمت عملی اختیار کی گئی۔ اس حکمت عملی کے تحت مختلف زونز میں ریکوری مہم کو تیز کیا گیا، ریکارڈ کی ڈیجیٹل جانچ پڑتال کی گئی، نادہندگان کی فہرستیں مرتب کی گئیں اور فیلڈ افسران کو واضح اہداف دیے گئے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر الزمان نے بورڈ کی انتظامی کارکردگی بہتر بنانے، مالی نظم و ضبط قائم رکھنے اور سرکاری املاک کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے متعدد اصلاحاتی اقدامات کیے۔ ان کی نگرانی میں مختلف زونز کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی گئیں، جبکہ ریکوری کے عمل کی باقاعدہ مانیٹرنگ بھی کی جاتی رہی۔

بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ اگرچہ مجموعی مالی اہداف مکمل طور پر حاصل نہیں کیے جا سکے، تاہم گزشتہ سال کے مقابلے میں مجموعی آمدنی میں ہونے والا اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ادارے کی ریکوری حکمت عملی درست سمت میں گامزن ہے اور مستقبل میں مزید بہتر نتائج کی توقع کی جا رہی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2024-25 کے دوران متروکہ وقف املاک بورڈ کی سالانہ آمدنی میں 92 کروڑ 50 لاکھ روپے کا ریکارڈ اضافہ ہوا تھا، جسے ادارے کی تاریخ کی اہم مالی کامیابیوں میں شمار کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اضافے کی بنیاد پر آئندہ برسوں کے لیے مزید بلند مالی اہداف مقرر کیے جا رہے ہیں تاکہ بورڈ کو مالی طور پر مزید مستحکم بنایا جا سکے۔

سرگودھا/خوشاب آفس کے فیلڈ اسٹاف نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ چیئرمین قمر الزمان کی ہدایات کے مطابق آئندہ مالی سال میں ریکوری کی شرح کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی، جبکہ سرکاری اراضی اور املاک پر ناجائز قبضہ کرنے والوں کے خلاف بھی قانون کے مطابق سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے دوران جدید ریکارڈ مینجمنٹ، ڈیجیٹل مانیٹرنگ، شفاف احتسابی نظام اور فیلڈ آپریشنز کو مزید مؤثر بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ سرکاری املاک سے حاصل ہونے والی آمدنی میں مسلسل اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ متروکہ وقف املاک بورڈ کی مالی کارکردگی میں بہتری نہ صرف قومی خزانے کے لیے مثبت پیش رفت ہے بلکہ اس سے سرکاری املاک کے تحفظ، شفاف انتظام اور مؤثر گورننس کو بھی فروغ ملے گا۔ ان کے مطابق اگر ریکوری مہم اسی تسلسل کے ساتھ جاری رہی اور ناجائز قبضوں کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کیے گئے تو آئندہ برسوں میں بورڈ اپنی مالی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے قابل ہو سکے گا۔

ادارے کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ بورڈ کی اولین ترجیح قومی اثاثوں کا تحفظ، سرکاری وسائل کا مؤثر استعمال اور عوامی مفاد کے مطابق ان املاک کا انتظام ہے۔ اسی مقصد کے تحت مستقبل میں ریکوری کے نظام کو مزید مضبوط، شفاف اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جائے گا تاکہ قومی وسائل سے زیادہ سے زیادہ مالی فوائد حاصل کیے جا سکیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button