
بھارتی اداکار نانا پاٹیکر 75 برس کی عمر میں چل بسے
نانا پاٹیکر کو بھارت کے نیشنل فلم ایوارڈ سے تین مرتبہ نوازا گیا جبکہ انہیں ملک کے اعلیٰ ترین سول اعزازات میں شامل پدم شری بھی دیا گیا تھا۔
نانا پاٹیکر 1951 میں بھارت کی مغربی ریاست مہاراشٹر میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کا فلمی کیریئر تقریباً پانچ دہائیوں پر محیط رہا۔ وہ اپنی پُرجوش اداکاری، منفرد آواز اور پیچیدہ و غیر روایتی کرداروں کے لیے جانے جاتے تھے۔
نانا پاٹیکر نے 1978 میں ہندی فلم گمن سے فلمی کیریئر کا آغاز کیا۔ بعد میں پرندہ اور کرانتی ویر جیسی فلموں میں اداکاری کے ذریعے نمایاں مقام حاصل کیا۔ ہدایت کار میرا نائر کی آسکر کے لیے نامزد فلم سلام بمبئی میں اداکاری کے بعد انہیں عالمی سطح پر بھی شناخت ملی۔
نانا پاٹیکر کو بھارت کے نیشنل فلم ایوارڈ سے تین مرتبہ نوازا گیا جبکہ انہیں ملک کے اعلیٰ ترین سول اعزازات میں شامل پدم شری بھی دیا گیا تھا۔

تعزیتی پیغامات
نانا پاٹیکر کے انتقال پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سمیت متعدد سیاسی رہنماؤں اور فلمی شخصیات نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم مودی نے نانا پاٹیکر کی اداکاری کی شدت، انفرادیت اور ناقابلِ فراموش موجودگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے ہر کردار میں غیر معمولی تنوع اور تخلیقی صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔
مرکزی وزیر نیتن گڈکری نے بھی نانا پاٹیکر کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے اداکار کے ساتھ اپنی قریبی دوستی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نانا پاٹیکر نے اپنی منفرد اداکاری کے ذریعے مراٹھی اور ہندی سنیما میں کئی دہائیوں تک ناظرین کو متاثر کیا۔
گڈکری نے سماجی شعبے میں نانا پاٹیکر کے کام کو بھی سراہا۔
نانا پاٹیکر "نام فاؤنڈیشن” کے ذریعے مہاراشٹر کے دیہی علاقوں میں پانی کے تحفظ اور کسانوں سے متعلق مختلف منصوبوں میں سرگرم رہے تھے۔
اداکار رتیش دیشمکھ نے بھی نانا پاٹیکر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

نانا پاٹیکر اور سیاست
نانا پاٹیکر بھارتی فوج اور قومی سلامتی سے متعلق اپنے واضح خیالات کے لیے بھی جانے جاتے تھے۔
وہ ماضی میں بھارتی فوج میں خدمات انجام دے چکے تھے اور اکثر فوجیوں کو خراج تحسین پیش کرتے تھے۔ ان کا کہنا تھا،”ہمارے جوان ہی اصل ہیرو ہیں۔”
2016 میں بھارتی زیرِ انتظام کشمیر کے علاقے اڑی میں ایک بھارتی فوجی کیمپ پر حملے کے بعد انہوں نے کہا تھا کہ قومی مفاد اور بھارتی فوجیوں کی قربانیوں کو پاکستان کے ساتھ ثقافتی تبادلوں پر ترجیح دی جانی چاہیے۔ بھارت کی جانب سے اس حملے کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھرایا گیا تھا۔
حالیہ برسوں میں بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں بھی انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ میچز کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کیا تھا۔
2013 میں نانا پاٹیکر نے ہدایت کار رام گوپال ورما کی فلم دی اٹیکس آف 26/11 میں اداکاری کی۔ یہ فلم 2008 کے ممبئی حملوں پر مبنی تھی اور اس میں انہوں نے ممبئی پولیس کے ایک افسر کا کردار ادا کیا تھا۔



