پاکستان پریس ریلیزتازہ ترین

اقبال کے افکار نے مسلمانوں میں قومی تشخص اور آزادی کا شعور بیدار کیا، وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت

4. ملک اور بیرونِ ملک بین الاقوامی اقبال کانفرنسوں، سیمینارز، علمی مذاکروں اور ادبی نمائشوں کا اہتمام ہوگا, اقبال کا فلسفۂ خودی، علم و عمل اور خوداعتمادی کا پیغام نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے

Al-Syed Tech Company Bio Medical Equipment Service

سید قاسم بخاری-پاکستان
وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان علامہ محمد اقبال کی 150ویں سالگرہ کی تقریبات9 نومبر 2026 سے 9 نومبر 2027 تک قومی و بین الاقوامی سطح پر شایانِ شان انداز میں منائے گی،تقریبات کا بنیادی مقصد شاعر مشرق کی علمی، فکری، ادبی اور تہذیبی میراث کو محفوظ بنانے کے ساتھ نئی نسل تک ان کا آفاقی پیغام پہنچانا ہے۔یوم اقبال اور تقریباتِ 150 سالہ جشن ولادت علامہ محمد اقبال کے آغاز کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ علامہ محمد اقبال بیسویں صدی کی عظیم علمی و فکری شخصیات میں سے ایک ہیں جنہوں نے اپنی شاعری اور فلسفے کے ذریعے انسانی فکر، تہذیبی شعور اور قومی بیداری پر گہرے اثرات مرتب کیے، ان کا کلام محض ادبی سرمایہ نہیں بلکہ پاکستان کی قومی شناخت، تہذیبی ورثے اور اجتماعی شعور کا زندہ حوالہ ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اقبال کی فکر میں تصورِ خودی، عشقِ رسول ﷺ، حریتِ فکر، انسانی اخوت، اجتہاد، علم و عمل اور تخلیقی جدوجہد کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کو اپنی تہذیبی شناخت اور علمی ورثے سے وابستہ رہتے ہوئے جدید علوم، سائنسی تحقیق اور فکری ترقی کی راہ اختیار کرنے کی دعوت دی، ان کے افکار نے مسلمانوں میں آزادی، خوداعتمادی و قومی تشخص کا شعور بیدار کیا اور قیام پاکستان کے لیے فکری بنیاد فراہم کی۔اورنگزیب خان کھچی نے کہا کہ علامہ محمد اقبال کی 150ویں سالگرہ کی تقریبات کے انعقاد کے لیے اعلیٰ سطحی قومی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جبکہ وفاقی وزارتوں، صوبائی حکومتوں، جامعات، علمی و ادبی اداروں اور بیرون ملک پاکستانی سفارتی مشنز کے اشتراک سے جامع پروگرام مرتب کیا گیا ہے، اس سلسلے میں بین الاقوامی اقبال کانفرنسوں، قومی سیمینارز، علمی مذاکروں، اقبالیاتی نمائشوں، تحقیقی و اشاعتی منصوبوں اور نوجوان نسل کے لیے خصوصی تعلیمی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اقبال کا اردو و فارسی کلام،فلسفیانہ تحریریں اور ان کے افکار پر مشتمل علمی سرمایہ پاکستان کے قومی ورثے کا قیمتی اثاثہ ہے،اس تاریخی موقع پر ضروری ہے کہ جدید تحقیقی، اشاعتی اور ابلاغی ذرائع کے ذریعے اس ورثے کو محفوظ بنانے کے ساتھ عالمی سطح پر متعارف کرایا جائے۔انہوں نے کہا کہ خصوصی دستاویزی فلموں، ڈیجیٹل کتب خانوں، اقبالیاتی تراجم اور علمی و ادبی نمائشوں کے ذریعے اقبال کا عالمگیر پیغام دنیا کی مختلف زبانوں اور تہذیبوں تک پہنچایا جا سکتا ہے۔وفاقی وزیر نے اقبال اکادمی پاکستان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے نے علامہ محمد اقبال کے کلام کی تدوین و اشاعت، فلسفیانہ تحریروں کے تراجم، اقبالیاتی تحقیق کے فروغ اور قومی و بین الاقوامی علمی روابط کے قیام میں قابل قدر کردار ادا کیا ہے، انہیں یقین ہے کہ اکادمی متعلقہ حکومتی اداروں، جامعات اور بین الاقوامی علمی تنظیموں کے تعاون سے ان تقریبات کو اقبالیاتی مطالعات کے فروغ اور پاکستان کے تہذیبی و فکری ورثے کی عالمی ترویج کا موثر ذریعہ بنانے میں کامیاب ہوگی۔انہوں نے بالخصوص نوجوان نسل کی ان تقریبات میں شرکت کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہمارے قومی ورثے کے حقیقی وارث اور مستقبل کے معمار ہیں، انہیں اپنی تاریخ، زبان، ادب، ثقافت اور عظیم فکری شخصیات سے روشناس کرانا ضروری ہے تاکہ وہ اپنی تہذیبی شناخت پر فخر کرتے ہوئے جدید دنیا کے علمی، سائنسی اور تخلیقی میدانوں میں موثر کردار ادا کر سکیں،اقبال کی شاعری میں نوجوانوں کے لیے خودشناسی، بلند ہمتی، کردار سازی اور مسلسل جدوجہد کا پیغام آج بھی مشعل راہ ہے۔اورنگزیب خان کھچی نے اہل علم، دانشوروں، اساتذہ، محققین، ادیبوں، شاعروں، فنکاروں، ثقافتی تنظیموں، ذرائع ابلاغ اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ علامہ محمد اقبال کی 150ویں سالگرہ کی تقریبات میں بھرپور شرکت اور ان کی علمی، ادبی و تہذیبی میراث کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ وزارت قومی ورثہ و ثقافت ان تاریخی تقریبات کے مقاصد کے حصول اور فکر اقبال کے فروغ کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی، ان تقریبات کے ذریعے امن، رواداری، انسانی اخوت اور بین الاقوامی مفاہمت کے پیغام کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔وفاقی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یوم اقبال کے موقع پر پوری قوم کو علامہ محمد اقبال کے عظیم علمی، ادبی اور تہذیبی ورثے کے تحفظ اور ان کے آفاقی پیغام کی ترویج کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کا عہد کرنا چاہیے تاکہ ان کی فکر کی روشنی میں ایک تعلیم یافتہ، روشن خیال، پرامن، متحد اور خوشحال پاکستان کی تعمیر ممکن بنائی جا سکے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button