
سسٹم ری سیٹ نہیں،سسٹم کی بنیاد بدلو…… پیر مشتاق رضوی
اس لیے سب سے پہلی اصلاح یہ ہونی چاہیے کہ رکن پارلیمنٹ کو ملنے والی بھاری تنخواہوں اور مراعات کو یا تو مکمل طور پر ختم کیا جائے
پاکستان میں سسٹم ری سیٹ کی باتیں زدعام ہیں آج کل ہر زبان پر یہی موضوع بحث ہے، ہر سیاسی جماعت، ہر تجزیہ کار اور ہر عام شہری یہ کہتا سنائی دیتا ہے کہ اب سسٹم کو ری سیٹ کرنے کی ضرورت ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ یہ سسٹم ری سیٹ ہوگا کیسے؟، اس کی شروعات کہاں سے ہوگی اور اس کا اصل مطلب کیا ہے؟۔ اگر ہم ایمانداری سے اس سوال کا جواب تلاش کریں تو ہمیں ماننا پڑے گا کہ سسٹم کی خرابی کی جڑ کہیں اور نہیں بلکہ اس سیاسی ڈھانچے میں ہے جس نے پارلیمنٹ کو قانون سازی کے مقدس ایوان سے نکال کر مراعات، فنڈز اور اختیارات کی منڈی بنا دیا ہے۔ سسٹم کو درست کرنے کے لیے سب سے پہلے اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں، مراعات اور ترقیاتی فنڈز جو کہ ایک سیاسی رشوت ہیے اس نظام کو ختم کرنا ہوگا جس نے سیاست کو خدمت کے بجائے ایک منافع بخش کاروبار بنا دیا ہے۔ آج اشرافیہ کا کوئی فرد جب سیاست میں آنے کا سوچتا ہے تو اس کے ذہن میں عوام کی خدمت کا جذبہ کم اور مراعات، پروٹوکول، سرکاری گاڑیاں، مفت بجلی گیس، بیرون ملک دورے اور کروڑوں روپے کے ترقیاتی فنڈز کا لالچ زیادہ ہوتا ہے۔ یہی لالچ ہے جس نے کرپٹ، نااہل اور مفاد پرست لوگوں کو سیاست کی طرف کھینچا ہے اور مخلص، دیانت دار اور پڑھے لکھے لوگوں کو اس میدان سے دور کر دیا ہے۔ جب تک سیاست میں آنے والا شخص یہ جانتا رہے گا کہ ایم این اے یا ایم پی اے بنتے ہی اسے کروڑوں روپے کے فنڈز، سینکڑوں ملازمتیں اور بے پناہ اختیار مل جائے گا تو وہ الیکشن جیتنے کے لیے کروڑوں روپے خرچ کرنے سے بھی دریغ نہیں کرے گا، کیونکہ اسے معلوم ہے کہ الیکشن میں کروڑوں خرچ کرنے کے بعد اربوں کی کمائی ہوگی یہ سرمایہ کاری چند مہینوں میں کئی گنا ہو کر واپس آ جائے گی۔ اس لیے سب سے پہلی اصلاح یہ ہونی چاہیے کہ رکن پارلیمنٹ کو ملنے والی بھاری تنخواہوں اور مراعات کو یا تو مکمل طور پر ختم کیا جائے یا انہیں ایک عام سرکاری ملازم کے برابر لایا جائے، تاکہ سیاست میں صرف وہی شخص آئے جسے واقعی عوام کی خدمت کا درد ہو، نہ کہ وہ جو اسے دولت کمانے کا ذریعہ سمجھتا ہو۔ یہ بات کسی کی دل آزاری کے لیے نہیں بلکہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ آج اراکین پارلیمنٹ کو دی جانے والی مراعات ایک طرح کی سیاسی رشوت بن چکی ہیں، جس کے ذریعے انہیں ہر حکومت کی ہاں میں ہاں ملانے پر مجبور کیا جاتا ہے۔ حکومت چاہے کتنی ہی ناکام کیوں نہ ہو، اراکین پارلیمنٹ اپنی مراعات بچانے کے لیے اس کا ساتھ دیتے رہتے ہیں، وزارتین حاصل کرنے کے علاوہ حکومتیں بنانے اور حکومتیں گرانے کے لئے انہی ممبران اسمبلی کی ہارس ٹریڈنگ ہوتی ہے ممبران اسمبلی وفاداریاں۔بدلنے ذرا دیر نہیں لگاتے اور یوں جمہوریت کا اصل مقصد یعنی عوام کی نمائندگی اور حکومت کا احتساب ختم ہو کر رہ جاتا بھی ہے۔ سب سے اہم اصلاح یہ ہے کہ رکن پارلیمنٹ کے کردار کو اس کی اصل آئینی حیثیت تک محدود کیا جائے جو صرف اور صرف قانون سازی ہے۔ ہمارے آئین میں واضح طور پر لکھا ہے کہ پارلیمنٹ کا کام قانون بنانا ہے، حکومت کا کام اس قانون پر عمل درآمد کرانا ہے اور عدلیہ کا کام انصاف فراہم کرنا ہے،لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں یہ تینوں کردار آپس میں گڈمڈ ہو چکے ہیں۔ آج کا ایم این اے اور ایم پی اے اپنے آپ کو قانون ساز کم اور علاقے کا سیاہ سفید کا مالک، مقامی حکمران ٹھیکیدار، تھانیدار اور نوکریاں بانٹنے والا زیادہ سمجھتا ہے۔ اسے گلی کی سولنگ سے لے کر سڑک کے ٹھیکے تک، اسکول کی بھرتی سے لے کر تھانے میں تعیناتی تک ہر چیز میں مداخلت کا اختیار چاہیے۔ اس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ وہ سال کے بارہ مہینے اپنے حلقے کے چھوٹے چھوٹے کاموں میں الجھا رہتا ہے اور اس کے پاس پارلیمنٹ میں بیٹھ کر ملک کے لیے کوئی اچھا قانون بنانے کا نہ وقت بچتا ہے اور نہ ہی دلچسپی۔ پارلیمنٹ میں جب کوئی اہم بل پیش ہوتا ہے تو زیادہ تر اراکین کو اس کا علم ہی نہیں ہوتا کہ اس بل میں لکھا کیا ہے، وہ صرف اپنی پارٹی قیادت کے اشارے پر ہاتھ کھڑا کر دیتے ہیں۔ اگر ہم واقعی ملک کو بدلنا چاہتے ہیں تو ہمیں رکن پارلیمنٹ سے ترقیاتی فنڈز کا اختیار مکمل طور پر واپس لینا ہوگا۔ ترقیاتی کام کرنا نہ ایم این اے کا کام ہے اور نہ ہی ایم پی اے کا، یہ کام بلدیاتی اداروں اور سرکاری محکموں کا ہے۔ جب تک ہم ایم این اے کو نالی اور سولنگ کا ٹھیکیدار بنائے رکھیں گے، ملک میں کبھی کوئی اچھا قانون نہیں بن سکے گا، کبھی تعلیم اور صحت کے لیے کوئی پائیدار پالیسی نہیں بنے گی اور کبھی معیشت کی اصلاح نہیں ہو سکے گی۔ قانون سازی ایک سنجیدہ، علمی اور تحقیقی کام ہے جس کے لیے وقت، مطالعہ اور قابلیت درکار ہوتی ہے، لیکن ہمارا موجودہ نظام ایک پڑھے لکھے قانون ساز کے بجائے ایک بااثر ٹھیکیدار کو پیدا کر رہا ہے۔ایک اور بڑی اصلاح اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی ہے، جسے انگریزی میں ڈیولیوشن آف پاور کہا جاتا ہے۔ یہ صرف ایک خوبصورت نعرہ نہیں ہے بلکہ دنیا کے تمام ترقی یافتہ ممالک کی کامیابی کا راز ہے۔ امریکہ، برطانیہ، جرمنی، ترکی اور حتیٰ کہ ہمارے پڑوسی بھارت میں بھی اصل طاقت مقامی حکومتوں کے پاس ہے۔ وہاں گلی محلے کے فیصلے وزیراعظم یا وزیراعلیٰ کے دفتر میں نہیں بلکہ مقامی کونسلر اور میئر کے دفتر میں ہوتے ہیں۔ پاکستان میں بدقسمتی سے اس کے الٹ ہو رہا ہے۔ یہاں سارے اختیارات اسلام آباد اور لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں چند افراد کے ہاتھوں میں مرکوز ہیں۔ ایک گاؤں میں اگر نلکا خراب ہو جائے تو اس کی مرمت کے لیے بھی وزیراعلیٰ کے دفتر سے منظوری کا انتظار کرنا پڑتا ہے۔ اس مرکزی نظام نے عوام کو بے بس اور حکمرانوں کو خدا بنا دیا ہے۔ اصل حل یہ ہے کہ بلدیاتی اداروں کو آئینی تحفظ دے کر انہیں مستحکم، فعال اور مضبوط بنایا جائے۔ بلدیاتی اداروں کو اپنے مالی وسائل خود اکٹھے کرنے کا اختیار دیا جائے، انہیں پولیس، تعلیم، صحت، صفائی اور پانی کے محکموں پر انتظامی کنٹرول دیا جائے اور ان کے فنڈز کو کسی وزیر یا ایم پی اے کی مرضی پر نہ چھوڑا جائے بلکہ ایک شفاف فارمولے کے تحت براہ راست ان کے اکاؤنٹ میں منتقل کیا جائے۔ جب ایک عام شہری کو معلوم ہوگا کہ اس کے محلے کا کونسلر اس کے ووٹ سے بنا ہے اور اگر اس نے کام نہ کیا تو اگلے الیکشن میں وہ اسے ہرا سکتا ہے تو وہ کونسلر بھی عوام کو جوابدہ ہوگا۔ آج صورتحال یہ ہے کہ عوام ایم این اے کو ووٹ دیتے ہیں، لیکن وہ پانچ سال تک اسلام آباد میں بیٹھا رہتا ہے اور عوام کی اس تک رسائی ہی نہیں ہوتی۔ اگر یہی اختیار ایک مقامی کونسلر کے پاس ہو جو اسی گلی میں رہتا ہے تو عوام روز اس کا گریبان پکڑ سکتے ہیں۔ یہی اصل جمہوریت ہے۔اس کے ساتھ ساتھ ہمیں باقی تمام اداروں کو بھی ان کے آئینی دائرے میں واپس لانا ہوگا۔ ہر ادارہ جب اپنی حد سے تجاوز کرتا ہے تو سسٹم بگڑتا ہے۔ عدلیہ کا کام انصاف دینا ہے، اسے حکومت چلانا نہیں ہے۔ فوج کا کام سرحدوں کی حفاظت ہے، اسے سیاست میں حصہ نہیں لینا چاہیے۔بیوروکریسی کا کام عوام کی خدمت ہے، اسے حکمرانوں کی غلامی نہیں کرنی چاہیے۔ اور میڈیا کا کام سچ دکھانا ہے، اسے کسی کی ترجمانی نہیں کرنی چاہیے۔ جب تک ہر ادارہ اپنے دائرے میں رہ کر کام نہیں کرے گا، سسٹم ری سیٹ کا خواب پورا نہیں ہوگا۔ ہمیں یہ بھی تسلیم کرنا ہوگا کہ صرف چہرے بدلنے سے سسٹم نہیں بدلتا۔ ہم نےگذشتہ 79 سالوں میں کئی حکومتیں، کئی مارشل لاء اور کئی نگران سیٹ اپ دیکھ لیے، لیکن نظام وہی کا وہی رہا کیونکہ ہم نے نظام کی جڑوں کو کبھی نہیں چھیڑا۔ اور نظام کی اصل خرابیوں۔کو۔ٹھیک نہیں کیا ہم نے ہمیشہ ایک شخص کو برا کہہ کر دوسرے شخص کو لے آئے، لیکن وہ دوسرا شخص بھی اسی پرانے نظام میں آ کر ویسا ہی ہو گیا۔ اس لیے اب وقت آ گیا ہے کہ ہم شخصیتوں کے بجائے نظام کی اصلاح کی بات کریں۔ سسٹم ری سیٹ کا مطلب یہ ہے کہ ہم طاقت کو چند ہاتھوں سے نکال کر عوام کے ہاتھوں میں دے دیں۔ ہم پارلیمنٹ کو قانون سازی تک محدود کر دیں، بلدیات کو بااختیار کر دیں، مراعات کے کلچر کو ختم کر دیں اور ہر ادارے کو اس کے آئینی کردار تک محدود کر دیں۔ اگر یہ تین چار بنیادی اصلاحات کر لی جائیں تو پاکستان کو کسی معجزے کی ضرورت نہیں پڑے گی، یہ ملک اپنی قدرتی صلاحیتوں، نوجوان آبادی اور زرخیز زمین کی وجہ سے خود بخود ترقی کی راہ پر چل پڑے گا۔ یہ مضمون کسی ایک جماعت کے خلاف نہیں بلکہ پورے نظام کے حق میں ایک تجویز ہے، کیونکہ جب تک نظام درست نہیں ہوگا کیونکہ کوئی بھی ایماندار لیڈر بھی اس نظام میں آ کر بے بس ہو جائے گا۔ سرمایہ داروں ،وڈیروں اور جاگیرداروں کی اجارہ دارانہ سیاست کا خاتمہ نہ ہوسکے گا اشرافیہ راج ختم کرنے کے لیے راقم کی پیش کردہ اصلاحات ناگزیر ہیں .

