
پی اے ایف اکیڈمی رسالپور میں 108 کیڈٹس کی شاندار گریجویشن، سربراہ پاک بحریہ کا پاک فضائیہ کی جنگی صلاحیتوں کو خراجِ تحسین، پاکستان اور ترکیہ کے دفاعی تعلقات کا اظہار
قائداعظم محمد علی جناحؒ کے 78 برس قبل پی اے ایف اکیڈمی کے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے مہمانِ خصوصی نے ایک مضبوط اور مؤثر فضائیہ کے قیام سے متعلق بانیٔ پاکستان کے نظریے کو اجاگر کیا
پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان، رسالپور میں 153ویں جی ڈی (پی)، 99ویں انجینئرنگ، 109ویں ایئر ڈیفنس (چارلی و ڈیلٹا) اور 136ویں کامبیٹ سپورٹ کورسز کی گریجویشن تقریب نہایت پروقار انداز میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی سربراہ پاک بحریہ ، ایڈمرل نوید اشرف تھے، جبکہ ترک فضائیہ کے کمانڈر، جنرل رفعت دالکران نے بھی خصوصی شرکت کی۔ سربراہ پاک فضائیہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مہمانِ خصوصی کی آمد پر ایئر آفیسر کمانڈنگ، پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان، ایئر وائس مارشل حسن فیصل نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
مہمانِ خصوصی نے اپنے خطاب میں گریجویشن مکمل کرنے والے کیڈٹس کو کامیابی پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کی شاندار پریڈ، مثالی نظم و ضبط اور اعلیٰ پیشہ ورانہ تربیت کو سراہا۔ انہوں نے ترک فضائیہ کے کمانڈر کی تقریب میں شرکت کو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے، دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کا عکاس قرار دیتے ہوئے ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
قائداعظم محمد علی جناحؒ کے 78 برس قبل پی اے ایف اکیڈمی کے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے مہمانِ خصوصی نے ایک مضبوط اور مؤثر فضائیہ کے قیام سے متعلق بانیٔ پاکستان کے نظریے کو اجاگر کیا۔ انہوں نے قائداعظمؒ کے تاریخی الفاظ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، ’’ایک ایسا ملک جس کے پاس مضبوط فضائیہ نہ ہو، کسی بھی جارح کے رحم و کرم پر ہوتا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے اپنی تاریخ کے ہر دور میں اس نظریے کو مشعلِ راہ بنائے رکھا ہے اور ’’سیکنڈ ٹو نن‘‘ کے عزم کو ہمیشہ اپنی پیشہ ورانہ شناخت اور عملی صلاحیتوں سے ثابت کیا ہے۔
معرکۂ حق، مئی 2025 کا حوالہ دیتے ہوئے سربراہ پاک بحریہ نے پاک فضائیہ کی غیر معمولی آپریشنل صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ مہارت کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔ بالخصوص مقامی ٹیکنالوجی اور خود انحصاری کی بنیاد پر پیچیدہ اور کثیرالجہتی آپریشنز کی کامیاب انجام دہی کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’جب دشمن 6 اور 7 مئی 2025 کی درمیانی شب آیا تو وہ اپنے بہترین طیاروں اور بلند بانگ دعوؤں کے ساتھ آیا تھا، لیکن سورج طلوع ہونے تک اس کے تمام دعوے ہماری سرحدوں کے پار خاک میں مل چکے تھے۔‘‘انہوں نے پاک فضائیہ کی اس تاریخی کامیابی کو ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی بصیرت افروز قیادت اور مؤثر کمانڈ کا ثمر قرار دیا۔ انہوں نے مقامی سطح پر تیار کردہ کِل چین کو پاک فضائیہ کی جدیدکاری، تکنیکی ترقی اور دفاعی خود انحصاری کے وژن کی ایک نمایاں کامیابی قرار دیتے ہوئے اس امر کو اجاگر کیا کہ مستقبل کی فضائی جنگ میں مقامی ٹیکنالوجی اور مربوط آپریشنل صلاحیتیں فیصلہ کن اہمیت کی حامل ہیں۔
پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے درمیان باہمی تعاون اور مشترکہ آپریشنل ہم آہنگی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے مہمانِ خصوصی نے کہا کہ دونوں افواج کے درمیان اشتراکِ عمل ایک مضبوط اور دیرینہ روایت کا حامل ہے۔ انہوں نے پاک بحریہ کے جدیدکاری کے جاری عمل کا بھی تذکرہ کیا، جس میں جدید جنگی جہازوں، ہنگور کلاس آبدوزوں، مقامی طور پر تیار کردہ طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیاروں اور بغیر پائلٹ نظاموں کی شمولیت شامل ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بدلتے ہوئے علاقائی اور عالمی سکیورٹی ماحول میں مشترکہ دفاعی صلاحیتوں کو مزید مستحکم بنانا ناگزیر ہے۔
تقریب کے دوران مجموعی طور پر 108 کیڈٹس نے اپنے پیشہ ورانہ تربیتی مراحل کامیابی سے مکمل کیے۔ مہمانِ خصوصی نے دورانِ تربیت غیر معمولی قابلیت، محنت اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس میں مختلف اعزازات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔چیف آف دی ڈیفنس فورسز ٹرافی برائے مجموعی بہترین کارکردگی (جنرل سروس ٹریننگ) ایوی ایشن کیڈٹ اسکواڈرن انڈر آفیسر محمد ابراہیم حسن نے حاصل کی۔ چیف آف دی ایئر اسٹاف ٹرافی برائے مجموعی بہترین کارکردگی (انجینئرنگ کورس) ایوی ایشن کیڈٹ سارجنٹ محمد انیق کے حصے میں آئی۔ انہوں نے کالج آف ایروناٹیکل انجینئرنگ میں مجموعی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اعزازی شمشیر بھی حاصل کی اور دوہرا اعزاز اپنے نام کیا۔ ایئر مارشل اصغر خان ٹرافی برائے مجموعی بہترین کارکردگی (کامبیٹ سپورٹ کورس) ایوی ایشن کیڈٹ سائقہ بی بی کو دی گئی، جبکہ کالج آف فلائنگ ٹریننگ میں مجموعی بہترین کارکردگی پر امتیازی اعزازی شمشیر ایوی ایشن کیڈٹ ونگ انڈر آفیسر سید محمد بخاری نے حاصل کی۔
تقریب میں اعلیٰ عسکری قیادت، سینئر فوجی حکام، معزز مہمانوں اور گریجویشن مکمل کرنے والے کیڈٹس کے اہلِ خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا اختتام پاک فضائیہ کے جدید اور ہمہ جہت فضائی جنگی اثاثوں، جن میں ایف-16، جے ایف-17 تھنڈر اور جے-10 سی لڑاکا طیارے شامل تھے، کے شاندار فضائی مظاہرے سے ہوا۔ تقریب کا اختتام پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں، جن میں ایف-16، جے ایف-17 اور جے-10 سی شامل تھے، کے فضائی مظاہروں سے ہوا، جس کے بعد شیر دلز ٹیم نے شاندار فارمیشن اور انفرادی ایروبیٹک مظاہرے پیش کیے، جو پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور اعلیٰ تربیتی معیار کا مظہر تھے۔



