مشرق وسطیٰ

ماحولیاتی ایمرجنسی کے دوران افسران سموگ کنٹرول کیلئے کردار بڑھائیں۔ وزیر جنگلات

سموگ آفت، جنگلات کے اطراف سموگ کے محرکات پر کڑی نظر رکھی جائے۔ عباس علی شاہ

لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):‌وزیر جنگلات عباس علی شاہ نے محکمہ کے تمام افسران کو سموگ کنٹرول کیلئے حکومتی اقدامات کا نفاذ موثر انداز میں یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماحولیاتی ایمرجنسی کے تناظر میں تمام چیف کنزرویٹرز سموگ کنٹرول کیلئے کردار ادا کریں اور جنگلات اور اطراف میں سموگ کا باعث بننے والے عناصر پر نظر رکھی جائے۔ وزیر جنگلات نے کہا کہ چیف کنزرویٹرز جنگلات کے اطراف سموگ کے محرکات کا سدباب یقینی بنائیں اور اس کے تدارک کیلئے زیرو ٹالیرنس پالیسی اپنائی جائے۔ عباس علی شاہ نے اینٹی سموگ سرگرمیوں کو تیز کرنے کیلئے افسران کو فیلڈ میں متحرک ہونے کی ہدایات کرتے ہوئے مزید کہا ہے کہ سموگ آفت ہے اور اس کے خاتمہ کی کوششیں اجتماعی کردار کی متقاضی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی ایمرجنسی میں جنگلات کی ضرورت و اہمیت بڑھ چکی ہے۔ اس ضمن میں صوبے میں ماحولیاتی ایمرجنسی کا نفاذ یقینی بناکر سموگ سے نجات حاصل کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سموگ کے خاتمے کیلئے حکومتی اقدامات کا ساتھ دینا انفرادی ذمہ داریوں میں شامل رکھا جائے اور اس ضمن میں آگاہی بھی پیدا کی جائے۔ وزیر جنگلات نے کہا کہ سموگ کے اسباب روکنے کیلئے ہر فرد کو اپنی ذمہ داریاں سمجھنا ہوں گی.

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button