اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

بیرسٹر گوہر کے گھر پر چھاپہ، ایس ایچ او سمیت 5 پولیس افسران معطل

سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران بیرسٹر گوہر کو گھر پر چھاپے کی اطلاع ملی تھی

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کے گھر چھاپہ مارنے کے معاملے پر پاچ افسران سمیت مارگلہ پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او کو تاحکم ثانی معطل کر دیا گیا ہے۔
اتوار کو اسلام آباد پولیس نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک بیان میں کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس کے سربراہ ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے چیئرمین پی ٹی آئی کو معاملے کی تحقیق کرنے اور کسی بھی پولیس افسر کے قصوروار ہونے پر محکمانہ کارروائی کی یقین دہانی کروائی ہے۔
ڈاکٹر اکبر ناصر خاں نے ڈی پی او سٹی کو انکوائری افسر مقرر کر کے تفصیلی رپورٹ تین دن میں جمع کروانے کے احکامات جاری کر دیے۔
’ابتدائی انکوائری کے بعد پانچ افسران بشمول ایس ایچ او مارگلہ کو تا حکم ثانی معطل کر دیا گیا ہے۔‘
پولیس ترجمان کے مطابق 13 جنوری بوقت سہ پہر مقامی پولیس اشتہاری کی تلاش میں ایک مخبر کی اطلاع پر پہنچی تھی تاہم معلوم ہوا کہ وہ گھر بیرسٹر گوہر علی خان کا تھا۔
سنیچر کو سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کے اہل خانہ پر ’تشدد‘ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد سے واقعے کی رپورٹ طلب کی تھی۔
سپریم کورٹ میں پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن کی درخواست پر دوران سماعت بیرسٹر گوہر علی خان نے عدالت کو بتایا تھا کہ ان کو ابھی خبر ملی ہے کہ ان کے ’بیٹے اور بھتیجے پر تشدد‘ کیا گیا ہے جس کے بعد وہ کمرہ عدالت سے چلے گئے تھے۔
اسلام آباد پولیس نے کسی بھی قسم کی تشدد کی تردید کی تھی۔
مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button