اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

پاکستان اور آذربائیجان کے مابین تجارت اور عوامی رابطوں کو فروغ دینے کیلئے جلد معاہدات پر دستخط ہوں گے، وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود

پاکستان اور آذربائیجان مذہبی، تاریخی اور ثقافتی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ آذر بائیجان اور پاکستان دونوں برنس اینڈ ٹریڈ کے حوالہ سے ایک ہی ایجنڈا رکھتے ہیں

پاکستان اور آذربائیجان کے مابین تجارت اور عوامی رابطوں کو فروغ دینے کیلئے جلد معاہدات پر دستخط ہوں گے،جس کیلئے باقاعدہ ایک لیگل فریم ورک ترتیب دینے کیلئے ایک جائنٹ ٹاسک فورس تشکیل دے دی گئی ہے۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے اپنی وزارت کے کانفرنس ہال میں وسطی ایشیائی ریاست آذر بائیجان کے سات رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، جس کی قیادت آذربائیجان کے وزیر برائے ڈیجیٹل ڈیویلپمنٹ اینڈٹرانسپورٹ Mr RASHAD NAVIYAVکر رہے تھے۔ وفاقی وزیر مواصلات نے آذربائیجان کے اس اہم وفد کا پاکستان آمد اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کی اہم شخصیات سے ملاقاتیں کرنے پر شکریہ ادا کیا۔وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعدمحمود نے مزید کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان مذہبی، تاریخی اور ثقافتی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ آذر بائیجان اور پاکستان دونوں برنس اینڈ ٹریڈ کے حوالہ سے ایک ہی ایجنڈا رکھتے ہیں۔ دونوں ممالک میں زمینی روابط اور قومی شاہراہوں کے ذریعے تجارت کے ساتھ ساتھ عوامی اور ثقافتی طور پر تعلقات مزید مضبوط کئے جاسکتے ہیں کیونکہ آذر بائیجان نے بندر عباس تک اپنی شاہراہوں کا جال بچھا کر تجارت کے فروغ اور عوامی آمد و رفت کیلئے نئی راہیں ہموارکردی ہیں۔ہم اپنا زمینی رابطہ ایران، آذربائیجان، روس اور مشرقی یورپ تک پھیلا کر پورے خطہ کے ممالک کی معیشت مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں، تاکہ خطہ کے عوام کا معیار زندگی بلند ہو سکے اور ان کی محرومیوں کا عملاً ازالہ ہو سکے۔ روڈ ٹرانسپورٹ اور تجارت کے حوالہ سے ہم ہر قسم کی معاونت کیلئے تیار ہیں۔ ایک لیگل فریم ورک تیار کرنے کیلئے جائنٹ ٹاسک فورس تشکیل دے دی گئی ہے جس کے پاکستان کی طرف سے وفاقی سیکرٹری مواصلات و چیئرمین این ایچ اے کیپٹن(ر) محمد خرم آغا فوکل پرسن ہونگے تاکہ قواعد و ضوابط اور دونوں ممالک کے مروجہ قوانین کی رو سے ہم اپنے تجارتی، صنعتی، سیاحتی اور ثقافتی تعلقات کو فروغ دے سکیں۔وفاقی وزیرمواصلات نے خوشی کا اظہار کرتے ہے کہا کہ آذربائیجان پاکستان کے کشمیر کے حوالہ سے موقف کی مکمل تائید کرتا ہے۔ اسی طرح بعض دیگر معاملات میں بھی ہمارا موقف یکساں اور باہمی ہم آہنگی کا آئینہ دار ہے۔وفاقی وزیر مواصلات نے وفد کو یہ بھی بتایاکہ حکومت پاکستان بلوچستان میں اہم قومی شاہراہوں کا جال بچھا کر اپنے زمینی راستوں کو قریبی ممالک تک وسعت دے رہی ہے۔
آذر بائیجان کے سات رکنی وفد کے قائد وزیر ڈیجیٹل ڈویویلپمنٹ اینڈ ٹرانسپورٹ Mr.RASHAD NAVIYAV نے کہا کہ روڈز اور ٹرانسپورٹ کے حوالہ سے دونوں ممالک میں ہم آہنگی خطہ بھر کی معاشی ترقی کی ضامن ہے۔آذر بائیجان نے دو نئے ایر پورٹ، ریلوے سٹیشنز اور کئی شاہراہیں تعمیر کی ہیں جو معاشی اور اقتصادی ترقی کا ذریعہ ہیں۔ ان شاء اللہ پاکستان اور آذر بائیجان کے مابین زمینی روابط اور شاہراہیں بچھانے کے عمل سے دونوں ممالک کے مابین تجارت،صنعت، سیاحت اور ثقافت کے شعبوں کو فروغ ملے گا۔یہی زمینی رابطے ہی تو قربتوں کے امین اور خطہ کے ممالک کے عوام کے درمیان خوشگوار تعلقات بڑھانے میں ممدثابت ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آذر بائیجان پاکستان کیلئے بطور ٹرانزٹ روٹ بڑی اہمیت رکھتا ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button