
ترجمان پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم کے بیانات غیرذمہ دارانہ اور ناقابل قبول ہیں۔
ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انوار الحق کاکڑ کے بیانات نگران حکومت کے غیرآئینی کردار کی نشاندہی کرتے ہیں، نگران وزیراعظم بیان بازی کر کے الجھانے اور قوم کاوقت ضائع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ تحریک انصاف کو انتخابات سے باہر کرنا نگران وزیراعظم کے بس میں نہیں قوم ایسی سازش کو قبول نہیں کرے گی، نگران وزیراعظم کی زبان میں جھلکتی نرمی مجرمانہ لندن پلان کا شاخسانہ ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف پر بےبنیاد الزامات لگا کر جبر و فسطائیت کا بازار گرم کیا گیا انوارالحق کاکڑ اپنے بیان کی قوم کے سامنے کیا وجوہات رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل منصفانہ، غیرجانبدارانہ اور شفاف انتخابات میں پوشیدہ ہے پی ٹی آئی یا چیئرمین کو بیلٹ پیپر سے غائب کرنے کی کوشش مجرمانہ اقدام ہو گا۔