پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کا ہاسٹلز میں غیر قانونی مقیم عناصر کیخلاف آپریشن کا فیصلہ
ذرائع کے مطابق ہاسٹلز میں رہائش پذیر غیر طلبہ عناصر کیخلاف مرحلہ وار آپریشن ہوگا اور بلا تفریق کارروائی کی جائے گی۔ آپریشن کیلئے پولیس کی معاونت بھی لی جائیگی۔ تین روز قبل یونیورسٹی کے ہاسٹل نمبر 18 میں آپریشن کیا گیا تھا۔
پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ نے ہاسٹلز میں مقیم غیر طلبہ عناصر کیخلاف آپریشن کا فیصلہ کر لیا ہے۔ آپریشن کیلئے پولیس کی معاونت بھی لی جائیگی۔ ذرائع کے مطابق پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ نے یونیورسٹی کے تمام ہاسٹلز میں مرحلہ وار غیر طلبہ عناصر کیخلاف آپریشن کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ہاسٹلز میں رہائش پذیر غیر طلبہ عناصر کیخلاف مرحلہ وار آپریشن ہوگا اور بلا تفریق کارروائی کی جائے گی۔ آپریشن کیلئے پولیس کی معاونت بھی لی جائیگی۔ تین روز قبل یونیورسٹی کے ہاسٹل نمبر 18 میں آپریشن کیا گیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ طلبہ نے اپنے کمروں میں غیر طلبہ عناصر کو رکھا ہوا ہے جو یونیورسٹی میں امن و امان کیلئے خطرہ ہیں۔
دوسری جانب پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ نے ہاسٹل نمبر 18 میں غیر قانونی الاٹیوں کیخلاف کارروائی کی تھی جس کیخلاف طالبعلموں کا دھرنا جاری ہے۔ غیر قانونی قرار دیئے جانیوالے طالبعلموں نے احتجاجاً وی سی آفس کے باہر تیسری رات بھی گزاری۔ طالبعلموں کا وی سی آفس کے باہر احتجاج جاری ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے تین روزقبل چودہ کمرے خالی کرائے تھے۔ چودہ کمروں سے 71 طالبعلموں کو نکالا گیا تھا۔ نکالے جانیوالے طالبعلم گزشتہ تین روز سے وی سی آفس کے باہر دھرنا دیئے بیٹھے ہیں۔ متعلقہ طالبعلموں نے الاٹمنٹ کی بحالی سمیت 7 مطالبات پیش کر رکھے ہیں۔ مظاہرین اور یونیورسٹی انتظامیہ کے درمیان 2 بار مذاکرات ناکام ہو چکے ہیں۔