
کھیل
سعودی عرب میں کرکٹ پانچ دہائیوں سے مقبول کھیل ہے
سعودی کرکٹ فیڈریشن کے قیام کے بعد یہاں کھیل کی مقبولیت زیادہ بڑھ گئی ہے۔
سعودی عرب میں کرکٹ کا کھیل خاص طور پر ایشیائی ممالک کے کارکنوں کے حوالے سے پانچ دہائیوں سے زیادہ عرصے سے بے حدمقبول ہے۔
عرب نیوز کے مطابق دنیا بھر میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والے کھیل فٹ بال کے بعد دوسرے نمبر پر کرکٹ ہے۔
مملکت میں کرکٹ ایسوسی ایشنز 1970ء کی دہائی میں قائم ہوئیں جن کے تحت ریاض، جدہ اور دمام میں ویک اینڈ میچز کے انعقاد شروع ہوا۔
جنوبی ایشیائی ممالک میں کرکٹ کو انتہائی پسندیدہ کھیل مانا جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ زیادہ تر ایشیائی تارکین نے اس کھیل کو مملکت میں خاص جذبے کے ساتھ سپورٹ کیا۔
یہ کھیل آہستہ آہستہ سعودی عرب کے مقامی باشندوں میں بھی مقبول ہو رہا ہے اور اس کے شوقین افراد کرکٹ ایسوسی ایشنز کے تحت ہونے والے میچز میں حصہ لے رہے ہیں۔
کھیل کی مقبولیت کے پیش نظر 2020 میں سعودی عربین کرکٹ فیڈریشن قائم کی گئی جس نے مقامی باشندوں اور غیر ملکیوں کے مابین کھیل کو فروغ دینے کے لیے سیریز ترتیب دی۔
سعودی فیڈریشن نے مملکت بھر میں متعدد پروگراموں اور ٹورنامنٹس کے ذریعے کرکٹ کی ثقافت کو متعارف کرایا۔
کھیل کے دلدادہ ایشیائی کارکنوں کا کہنا ہے کہ شروع میں کرکٹ کھیلنے کے خواب کو پورا کرنا ہمارے لئے آسان نہیں تھا۔
یہ ایسا کھیل ہے جس میں کارکردگی کی بہترین سطح تک پہنچنے کے لیے محفوظ رہنا ضروری ہے اور اس کے لیے بہت سارے سامان کی ضرورت ہوتی ہے۔
کرکٹ کھیلنے کے لیے بیٹ، پیڈ، گیند، دستانے اور ہیلمٹ آسانی سے دستیاب نہیں تھے، شوقین کھلاڑی یہ سامان اپنے آبائی ممالک سے لاتے تھے۔
مملکت میں اب کرکٹ کٹس فراہم کرنے کی کئی دکانیں موجود ہیں جہاں کھلاڑیوں کے ذاتی حفاظتی سامان کے علاوہ کرکٹ ٹریننگ کا سامان اور گراؤنڈ تیار کرنے کا سامان بھی شامل ہے۔
سعودی کرکٹ ٹیم کے سٹار کھلاڑی عبدالوحید نے بتایا ہے کہ ریاض کے علاقوں حئی الوزارت، شمیسی اور منفوحہ میں کئی دکانوں پر کرکٹ سے متعلق سامان دستیاب ہے۔
عبدالوحید نے بتایا کہ اگر آپ کو مطلوبہ سامان دستیاب نہیں یا بہتر معیار کا برانڈ چاہئے تو اسے پاکستان یا انڈیا سے منگوا کر دیا جاتا ہے جس کے لیے کچھ دن لگتے ہیں۔
ان دکانوں پر معیاری سامان مل جاتا ہے اور اگر تربیتی مشق کے لیے عام سامان یا کسی برانڈ کا سامان زیادہ مقدار میں مطلوب ہے تو یہاں رعایتی پیشکش بھی کی جاتی ہے۔
سعودی کرکٹ ٹیم کے متعدد کھلاڑی انہی دکانوں سے سامان خریدتے ہیں۔
ریاض کے حئی الوزارت میں کرکٹ کا سامان فروخت کرنے والی دکان سیالکوٹ سپورٹس کے ذمہ دار اکرام اللہ خان نے بتایا ہے کہ ہم یہاں گزشتہ 22 سال سے کرکٹ کا سامان فروخت کر رہے ہیں۔
