
رواں سال بیرون ملک سے گرفتار اشتہاری مجرمان کی مجموعی تعداد 28 ہو گئی، ترجمان پنجاب پولیس
پنجاب پولیس کی بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کے خلاف کاروائیاں جاری، قتل کی وارداتوں میں مطلوب 02 خطرناک اشتہاری دوبئی سے گرفتار
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس کا بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے جس کے تسلسل میں قتل کی وارداتوں میں مطلوب 02 خطرناک اشتہاری دوبئی سے گرفتار کر لئے گئے ہیں اشتہاری عبدالغفار نے 2022ء میں تھانہ صدر ڈیرہ غازی خان میں دو شہریوں کو قتل کیا تھا جبکہ اشتہاری محمد فیصل نے 2019ء میں منڈی بہاؤالدین میں 01 شہری کو قتل کیا تھا، انسپکٹر خالد نواز وریاہ کی قیادت میں پولیس ٹیم دبئی سے مجرمان اشتہاریوں کو لے کر اتوار کی شام لاہور ایئرپورٹ پہنچی، ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ دونوں ملزمان کی گرفتاری پنجاب پولیس، انٹرپول اور دبئی پولیس کی باہم کوارڈی نیشن سے ممکن ہوئی، رواں سال بیرون ملک سے گرفتار اشتہاری مجرمان کی مجموعی تعداد 28 ہو گئی ہے ۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اے کیٹیگری اشتہاری مجرمان گرفتار کرنے پر سپیشل آپرشنز سیل گوجرانوالہ پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ قانونی کاروائی مکمل کرتے ہوئے ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے، آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ایف آئی اے، انٹرپول اور دیگر اداروں کے ساتھ کوارڈینیشن سے مزید اشتہاریوں کو گرفتار کرکے پاکستان منتقل کیا جائے اور قرار واقعی سزا دلوائی جائیں۔