
اس وقت امت مسلمہ میں مسئلہ فلسطین کے حوالے سے بیداری پیدا کرنے کی ضرورت ہے،پاکستان شریعت کونسل
فلسطینی مسلمانوں کی جدوجہد ضرور رنگ لائے گی اور قبلہ اول کو آزادی نصیب ہوگی
اسلام آباد پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):پاکستان شریعت کونسل کے امیر مولانا مفتی محمد رویس خان ایوبی نے رجب المرجب کی مناسبت سے حرمت مسجد اقصٰی اور فلسطین کے حوالے سے کونسل کی سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مزید منظم کرنے پر زور دیا اور کہا کہ فلسطینی مسلمانوں کی جدوجہد ضرور رنگ لائے گی اور قبلہ اول کو آزادی نصیب ہوگی ،ان خیالات کااظہارانہوں نے گزشتہ روز کونسل کے سیکرٹری جنرل مولانا زاہدالراشدی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وفد میں کونسل کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا عبدالرؤف محمدی، گلگت بلتستان کے امیر مولانا ثناء اللہ غالب، اسلام آباد کے جنرل سیکرٹری مولانا حافظ علی محی الدین، حلقہ این اے 48 سے جے یو آئی کے امیدوار سعید احمد اعوان، مولانا سید عبداللطیف شاہ،مولانا محمد نوید اور دیگر شامل تھے،مولانا مفتی محمد رویس خان ایوبی نے کراچی میں حرمت مسجد اقصٰی کے حوالے سے ہونے والے علماء کنونشن کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ملک بھر میں اس طرح کے پروگراموں کے انعقاد پر زور دیا اور کہا کہ اس وقت امت مسلمہ میں مسئلہ فلسطین کے حوالے سے بیداری پیدا کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ آمدہ الیکشن میں امیدواروں سے ختم نبوت ، آئین کی اسلامی شقوں، ملک کی اسلامی شناخت کے تحفظ اور نظریہ پاکستان کی پاسداری کا حلف لیں۔اس موقع پر امیر پاکستان شریعت کونسل مفتی رویس خان ایوبی کی اہلیہ،اسلام آباد کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات مولانا عبدالباسط منیر کے والد،جامعہ فریدیہ سی بی آر ٹاون کے مہتمم مولانایعقوب طارق کی ساس محترمہ سمیت دیگر مسافران آخرت کی بخشش و مغفرت کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔