
وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر ایس ایم تنویر کا ڈی ایچ کیو چنیوٹ کا دورہ، طبی سہولتوں کا جائزہ لیا
صوبائی وزیر نے پینے کے پانی کی دستیابی کو چیک کیااور واش رومز سمیت مجموعی صفائی کی صورتحال دیکھ کراطمینان کا اظہار کیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا،سی او ہیلتھ ڈاکٹر سہیل طارق اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر احمد خان نے ہسپتال کے جملہ انتظامات پر بریفنگ دی
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر صوبائی وزیر صنعت وتجارت ایس ایم تنویر نے چنیوٹ کا دورہ کیا اور ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا کے ہمراہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں صحت کے شعبہ میں حکومتی اقدامات کے ثمرات عام مریضوں تک پہنچنے کے عمل کا مشاہدہ کیا۔وہ ہسپتال کے ایمرجنسی،سرجیکل،لیب، سی سی یو،ڈائلیسزسمیت چلڈرن و دیگروارڈز میں گئے اور انتظامی وطبی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی خیریت کے علاوہ طبی سہولیات کی فراہمی کے بارے دریافت کیا۔ صوبائی وزیر نے پینے کے پانی کی دستیابی کو چیک کیااور واش رومز سمیت مجموعی صفائی کی صورتحال دیکھ کراطمینان کا اظہار کیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا،سی او ہیلتھ ڈاکٹر سہیل طارق اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر احمد خان نے ہسپتال کے جملہ انتظامات پر بریفنگ دی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نگران وزیر اعلی پنجاب سید محسن رضا نقوی کی خصوصی ہدایت پر چنیوٹ آیا ہوں، ڈی ایچ کیو ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا ہے اور مریضوں سے انکے علاج، ادویات کی فراہمی،ڈاکٹرز و سٹاف کے رویہ بارے دریافت کیا۔کسی ایک بھی مریض نے شکایت نہیں کی اور تمام تر سہولیات و انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں کیے جانے والے انتظامی و طبی اقدامات پر مطمئن ہوں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ کی توسیع بارے نگران وزیر اعلی پنجاب کو آگاہ کروں گا۔صوبائی وزیر صنعت وتجارت ایس ایم تنویر نے ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا کے ہمراہ نئے ڈسٹرکٹ کمپلیکس اور ڈی ایچ کیو ہسپتال کی سائٹس کا بھی وزٹ کیا اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایکسین بلڈنگ و دیگر بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا نے تفصیلی بریفنگ دی، نگران صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ نئے ڈی ایچ کیو ہسپتال اور ڈسٹرکٹ کمپلیکس کی تعمیر کے لیے مزید فنڈز جاری کرنے بارے نگران وزیر اعلی پنجاب سے بات کروں گا۔