کراچی میں حکام کے مطابق ’راشن کی تقسیم کے دوران بھگدڑ سے کم سے کم 11 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔‘
امدادی کارکنوں کے مطابق یہ واقعہ جمعے کو کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں پیش آیا۔
پولیس کے مطابق سائٹ ایریا نورس چورنگی کے قریب واقع کپڑا رنگنے والی ایک فیکٹری میں راشن کی تقسیم جاری تھی کہ وہاں بھگدڑ مچ گئی، جس کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
عباسی شہید ہسپتال کی انتظامیہ کے مطابق بلدیہ ٹاؤن میں بھگدڑ مچنے اور نالے میں گرنے سے ہلاک ہونے والے نو افراد کی لاشیں ہسپتال لائی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق ’ہلاک ہونے والے دو افراد کی لاشیں سول ہسپتال لائی گئی ہیں۔‘
ایس پی سائٹ مغیز ہاشمی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ڈائنگ فیکٹری میں راشن یا زکوٰۃ کی تقسیم کے حوالے سے پیشگی اطلاع نہیں دی گئی تھی۔‘
’ڈپٹی کمشنر آفس اور پولیس کو پیشگی اطلاع نہ دینے پر سات افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔‘
ان کا کہنا ہے کہ ’موقعے سے گیس اخراج یا سلنڈر دھماکے کے شواہد نہیں ملے۔ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں، ہلاک ہونے والے افراد کی لاشیں ہسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔‘
چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔
انہوں نے کمشنر کراچی اور سیکریٹری انڈسٹریز سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
چیف سیکریٹری سندھ نے ہدایت کی کہ ذمہ داروں کا تعین کر کے ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔